Aaj Logo

اپ ڈیٹ 27 اگست 2024 03:17pm

رضوان پر بال کیوں پھینکی؟ آئی سی سی کا شکیب الحسن کیخلاف ایکشن

راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان پر بال پھینکنے پر بنگلادیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔

پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان پہلے ٹیسٹ میں کھیل کے 4 دنوں کے دوران مثبت انرجی دکھائی دی لیکن آخری دن ایک ناخوشگوار لمحہ دیکھنے میں آیا۔

پانچویں دن پاکستان کی اننگز کے دوران جب پاکستان کا اسکور 103 رنز پر 4 کھلاڑی آؤٹ تھا اور 33 ویں اوور میں شکیب الحسن کو اوور کی دوسری گیند کرانا تھی تو بنگلادیشی آل راؤنڈر گیند کرانے کے لیے آئے لیکن رضوان کھیلنے کے لیے تیار نہ تھے تو شکیب الحسن نے غصے میں گیند رضوان کی جانب پھینکی۔

محمد رضوان سیٹ ہو ہی رہے تھے کہ وہ بنگلادیش کے وکٹ کیپر لٹن داس سے گفتگو میں مصروف ہوگئے اور پھر جیسے ہی تیار ہونے لگے شکیب نے رضوان کی جانب گیند پھینک دی۔

شکیب الحسن نے محمد رضوان کی جانب گیند کیوں پھینکی؟ وجہ سامنے آگئی

یہ دیکھتے ہی کمنٹیٹرز نے بھی ایک دوسرے سے سوال کیا کہ ’یہ کیا تھا؟‘ ساتھ ہی امپائر بھی شکیب سے کچھ کہتے دکھائی دیے، بظاہر ایسا لگ رہا تھا کہ وہ امپائر سے اپنے کیے کی معذرت کررہے ہیں۔

اب میچ ریفری کی جانب سے بنگلادیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن پر آئی سی سی ضابطہ کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور انہیں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی مل گیا ہے۔

میچ ریفری کے مطابق شکیب الحسن نے اپنا جرم اور سزا کو قبول کرلیا ہے، اس لیے اس معاملے پر باقاعدہ سماعت کی ضرورت نہیں۔

واضح رہے کہ شکیب الحسن اس سے قبل بھی دیگر ٹیموں کے ساتھ میدان میں تنازعات اور جھگڑوں کا شکار رہے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ میں پہلی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے شکیب الحسن ان 147 افراد میں شامل ہیں جن پر ڈھاکا میں شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد طلبا کے حالیہ مظاہروں کے سلسلے میں درج قتل کے مقدمے میں فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

شکیب الحسن کی مقدمے میں نامزدگی، ٹیم سے نکالنے کیلئے کرکٹ بورڈ کو لیگل نوٹس

شکیب الحسن حسینہ واجد کی پارٹی عوامی لیگ کی جانب سے رکن پارلیمنٹ رہے ہیں۔

Read Comments