وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات انتہائی قابل مذمت ہیں، ملک دشمنوں کے ساتھ کوئی بات نہیں ہوگی، دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، اس دہشت گردی کو ختم کرنے کا وقت آپہنچا، دہشت گرد پاکستان اور چین میں فاصلے پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس جاری ہے جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ سے دہشت گردی کی لہر میں اضافہ ہوا ہے، گزشتہ چند دنوں میں دہشت گردی کے اندوہناک واقعات ہوئے، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں نے بے گناہ پاکستانیوں کو نشانہ بنایا، بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات انتہائی قابل مذمت ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق دہشت گردی کے واقعات میں بلوچستان میں 50 سے زائد پاکستانی شہید ہوئے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی شہید ہوئے، سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی۔
بلوچستان: موسیٰ خیل سمیت مختلف مقامات پر دہشتگردوں کی کارروائیوں میں 41 افراد جاں بحق
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کےحالیہ واقعات کوروکنا ضروری ہے، دہشت گردوں کے خلاف بہت مؤثر آپریشن کیے گئے ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہمارا عزم پختہ ہے، ملک دشمنوں کے ساتھ کوئی بات نہیں ہوگی، دشمن قوتیں چین اور پاکستان کے درمیان خلیج پیدا کرنا چاہتی ہیں، دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، دہشت گردی کو ختم کرنے کا وقت آپہنچا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام وسائل فراہم کریں گے، دہشت گردی کا ہر صورت خاتمہ کرکے دم لیں گے، پاک فوج اور قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے یکسو ہے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ہمیں یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، کسی کمزوری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، دہشت گردوں کو کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشت گرد افغانستان سے آپریٹ کرتے ہیں، پاکستان کی طرف سے افغانستان کو اس سلسلے میں نہ صرف آگاہ کیا گیا بلکہ دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائیاں بھی کی گئیصوباں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا مقصد پاکستان میں ترقی کے سفر کو روکنا ہے، صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کےعفریت کو ختم کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے موسیٰ خیل واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا
خیبرپختونخوا حکومت کا شہدا بلوچستان کیلئے پیکج کا اعلان
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گرد پاکستان میں خلفشار پیدا کرنا چاہتے ہیں، دشمنوں کو پہچان کر ان کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانا ہوگا، آئین پاکستان پر یقین کرنے والوں کے لیے بات چیت کے دروازے کھلے ہیں، جلد بلوچستان کا دورہ کر کے جامع بات چیت کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنےدشمنوں کو پہچاننا ہوگا، کسی قسم کی کمزوری اور ضعف کا سوال نہیں پیدا ہوتا، بلوچستان میں جو لوگ پاکستان کے آئین، اس کے جھنڈے کو تسلیم کرتے ہیں، ان کے ساتھ بات چیت کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، لیکن جو اس آڑ میں دوست نما دشمن ہیں، ان کے ساتھ نہ کوئی بات ہوسکتی ہے، نہ ان کے ساتھ کسی قسم کا نرم رویہ اختیار کیا جا سکتا ہے، یہ واضح پیغام ہے، اس میں کوئی دو رائے نہیں ہوسکتی، کل کے واقعات سب کے لیے لمحہ فکریہ ہیں، ہم ان مشکلات کو عبور کریں گے۔