وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی حکومت کے دفاتر کو پیپر لیس بنانے کیلئے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور متعلقہ اداروں کو ٹاسک سونپتے ہوئے کہا ہے کہ نظام میں شفافیت اور تیزی لانے کیلئے ای آفس کا نفاذ حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے، یقینی بنایا جائے کہ تمام سرکاری دفاتر میں افسران ای آفس کے ذریعے فائلز بھیجیں۔
اتوار کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ وفاقی سرکاری دفاتر میں ای آفس کے نفاذ میں کسی قسم کی سست روی قبول نہیں۔
وزیرِ اعظم نے ایک ماہ کے اندر تمام دفتری فائلز پر کام ای آفس کے ذریعے یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ماہ سے کوئی بھی فائل ای آفس کے علاوہ نہیں دیکھوں گا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ نظام میں شفافیت اور تیزی لانے کیلئے ای آفس کا نفاذ حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے،یقینی بنایا جائے کہ تمام سرکاری دفاتر میں افسران ای آفس کے ذریعے فائلز بھیجیں۔
وزیرِ اعظم کی ہدایت پر وزیرِ اعظم آفس کے اسٹاف کی گزشتہ ہفتے ای آفس کی ٹریننگ مکمل کر لی گئی۔
وزیرِ اعظم نے گزشتہ ہفتے بذاتِ خود ای آفس پر فائلز موصول کیں، ای آفس پاکستان میں ڈیجیٹائزیشن کے فروغ اور گورننس کی بہتری کیلئے نہایت کلیدی اقدام ہے۔
وزیرِ اعظم نے آئندہ دو ہفتوں میں ای آفس کے نفاذ پر پیش رفت پر رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔