Aaj Logo

شائع 25 اگست 2024 02:18pm

ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے پاکستان ویمنز ٹیم کا اعلان، کپتان کون

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے قومی ویمنز ٹیم کا اعلان کردیا، فاطمہ ثنا ورلڈ کپ میں پاکستانی اسکواڈ کی قیادت کریں گی جبکہ عالمی ایونٹ 3 سے20 اکتوبرتک متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوگا۔

ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی قیادت کرنے والی 22 سالہ فاطمہ ثنا نے 41 ون ڈے انٹرنیشنل اور 40 ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلے ہیں، وہ اس سے قبل پاکستان ایمرجنگ اور ڈومیسٹک ٹیموں کی قیادت کر چکی ہیں۔

فاطمہ ثنا 37 سالہ آل راؤنڈر ندا ڈار کی جگہ قیادت سنبھالیں گی جنہوں نے بسمہ معروف سے تینوں فارمیٹ کی کپتانی سنبھالی تھی۔

ندا ڈار موجودہ ٹیم میں شامل ہیں، وہ 112 ون ڈے انٹرنیشنل اور 153 ٹی 20 انٹرنیشنل کھیل چکی ہیں۔

پاکستان کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں گروپ اے میں آسٹریلیا، سری لنکا، بھارت اور نیوزی لینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

دائیں ہاتھ کی بیٹر صدف شمس جو گزشتہ سال جنوبی افریقا میں ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلی تھیں، ٹیم میں نجیہہ علوی کی جگہ واپس آئی ہیں جبکہ نجیہہ علوی بطور ریزرو کھلاڑی ٹیم کے ساتھ سفر کریں گی۔

اس کے علاوہ بائیں ہاتھ کی اسپنر سعدیہ اقبال کی ٹیم میں شمولیت فٹنس سے مشروط ہوگی۔

آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے لیے پاکستانی اسکواڈ میںفاطمہ ثنا (کپتان)، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، گل فیروزہ، ارم جاوید، منیبہ علی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، ندا ڈار، عمیمہ سہیل،صدف شمس، سعدیہ اقبال (فٹنس سے مشروط)، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب اور طوبیٰ حسن شامل ہیں جبکہ ٹریولنگ ریزرو میں نجیہہ علوی (وکٹ کیپر)۔ رامین شمیم اور ام ہانی شامل ہیں۔

Read Comments