Aaj Logo

اپ ڈیٹ 26 اگست 2024 08:51am

کراچی میں کچرا کنڈی سے ملنے والی 12سالہ بچی کی بوری بند لاش کی شناخت ہوگئی، زیادتی کا نشانہ بنانے پر وزیراعلیٰ کا نوٹس

کراچی کے علاقے صدر لکی اسٹار کے قریب کچرا کنڈی سے بچی کی بوری بند لاش ملی ہے، پولیس نے تصدیق کی ہے کہ بچکی کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔

صدر کے علاقے پیر کریم تالپور روڈ لکی اسٹار اقبال آٹوز کے قریب کچرا کنڈی سے ایک بچی کی بوری بند لاش ملی، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور بوری کھول کر دیکھی تو اس میں 11 سے 12 سالہ بچی کی لاش تھی۔

پولیس نے جاں بحق ہونے والی بچی کی لاش کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا۔

پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے فارنزک کی ٹیم نے شواہد اکھٹے کر لیے ہیں۔

پولیس نے بچی کے ورثا کو تلاش کر لیا ہے، جو فرئیر میں واقع للی برج کی رہائشی ہیں۔

پولیس کے مطابق بچی کی شناخت گنگا ولد ہری چند کے نام سے ہوئی ہے، بچی کا تعلق باگڑی قوم سے ہے۔

پولیس نے بتایا کہ لگتا ہے موت کہیں اور واقع ہوئی اور لاش کو کچرا کنڈی پر پھینک دیا گیا، لاش کے کپڑوں اور حلیے سے بچی گدا گرمعلوم ہوتی ہے، بچی کے چہرے یا جسم پر بظاہر تشدد کے نشانات موجود نہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موقع سے کیمروں کی فوٹیج حاصل کر رہے ہیں جلد اس گاڑی تک پہنچ جائیں گے جس سے بچی کی لاش پھینکی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا، لاش کے پوسٹ مارٹم میں زیادتی کی تصدیق ہوگئی ہے۔

پولیس سرجن داکٹر سمعیہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی نتائج جنسی تشدد کی نشاندہی کرتے ہیں، ڈی این اے کے لیے نمونے جمع کئے گئے ہیں ،مزید تفتیش جاری ہے۔

بچی کی لاش شناخت ورثا کے لیے چھیپا سرد خانے منتقل کر دی گئی اور نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل اور اغوا سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بچی کی لاش ملنے اور زیادتی ہونے کی تصدیق پر نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو واوعے کی مکمل تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ انتہائی دکھ ہے کہ ہمارے یہاں ایسے واقعات رونما ہو رہے ہیں، واقعے کے مجرم کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

Read Comments