طویل عرصے کے انتظار کے بعد اداکار عفان وحید اور آمنہ الیاس کی رومانوی کامیڈی فلم ’مستانی‘ آج ملک بھر میں ریلیز کی جارہی ہے، اداکارہ آمنہ الیاس نے فلم کا کہنا ہے کہ فلم کی کہانی منفرد ہے انہوں نے ایک چنچل لڑکی کا کردار ادا کیا ہے ۔
صحافیوں سے ملاقات کے موقع پر فلم مستانی کی مرکزی اداکارہ آمنہ الیاس نے فلم کے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ فلم میں بھرپور مزاح اور رومانوی کہانی کے ساتھ ساتھ تھرل بھی ہے جبکہ میرے کردار کا نام عالیہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اس کردار سے بہت سیکھا ہے کیونکہ عالیہ ایک ایسی لڑکی ہے جس نے زندگی میں دکھ تکلیف نہیں دیکھی اور کچھ کرنا چاہتی ہے اسی لیے وہ ہر چیز کو ایک الگ انداز سے دیکھتی ہے ۔
پاکستان اور بھارت میں خواتین پر تشدد، ریپ سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بحیثیت عورت میں اپنے آپ کو اس ملک میں محفوظ نہیں سمجھتی ، خدا نخواستہ کل اگر میرے ساتھ کچھ غلط ہوتا ہے اور سامنے والا اگر پاور فل ہوا تو مجھے ڈر لگتا ہے کیونکہ قانون ان لوگوں کیلئے نہیں ہے جو پاور فل ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ سب مرد ایک جیسے نہیں ہوتے کچھ جانور ہیں یا دماغی مریض ہیں لیکن ہمیں جرم کرنے والے کسی ایک کوعبرتناک سزا دینے کی ضرورت ہے تاکہ مثال قائم ہوسکے اور نہ صرف مرد بلکہ اگر کوئی عورت بھی کچھ غلط کرے تو اس کو بھی سزا ملنی چاہیے کیونکہ قانون مرد اور عورت دونوں کیلئے یکساں ہے ۔
اداکارہ نے نور مقدم کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان کو ہراساں کرنے والے جیل میں سکون سے بیٹھے ہیں ان کو تاریخوں پر تاریخیں مل رہی ہیں ، ہمارے سسٹم اور قانون کو بہترکرنے کی ضرورت ہے ۔