Aaj Logo

اپ ڈیٹ 24 اگست 2024 12:04am

ڈاکوؤں کے حملے میں شہید اہلکاروں کی شناخت، نماز جنازہ ادا

پنجاب کے شہر رحیم یار خان کے کچے کے علاقے ماچھکہ میں ڈاکوؤں نے پولیس کی 2 گاڑیوں پر حملہ کرکے 12 پولیس اہلکاروں کو شہید اور 8 کو زخمی کردیا تاہم ڈاکوؤں کے حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت ہوگئی جبکہ شہدا کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

ڈاکوؤں کے حملے میں شہید ہونے والوں میں سے 4 پولیس اہلکاروں کا تعلق لیاقت پورسے ہے، شہید اہلکار محمد عمران چک نمبر 122 این پی تھانہ پکالاڑاں کا رہائشی ہے جبکہ شہید محمد ساجد چک نمبر 85 اے تھانہ تبسم شہید کا مکین ہے۔

اسی طرح شہید اہلکار راجہ کنول چک نمبر 313/6 آر تھانہ تبسم شہید کا رہائشی ہے جبکہ شہید اہلکار محمد منیر بستی گلاب جناح کالونی تھانہ تبسم شہید کا رہائشی ہے۔

محمد عمران کیمپ ٹو ماچھکہ، محمد ساجد، راجہ کنول ایلیٹ فورس جبکہ محمد منیر لانگری میں تعینات تھا۔

دوسری جانب ڈاکوؤں کے حملے میں جاں بحق ہونے والے ہندوکانسٹیبل راجہ کنول کی آخری رسومات مذہبی طور پر ادا کردی گئی، جبکہ ہندو کانسٹیبل راجہ کنول کو پولیس کے دستے نے سلامی بھی دی۔

سانحہ کچہ ماچھکہ، جوابی کارروائی میں پولیس پر حملے کے مرکزی ملزم کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

اس کے علاوہ شہید ہونے والوں میں سے 3 اہلکاروں کا تعلق تحصیل خان پور سے ہے، شہید اجے رام چک نمبر 25 پی کا رہائشی ہے، شہید بیرم رام چاہ فضل والا ماڑی اللہ بچایا کا مکین ہے جبکہ شہید محمد احمد بستی بھٹیاں موضع کوٹ گھنیہ ڈاکخانہ چک 94 این پی کا رہائشی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کے شہر رحیم یار خان کے کچے کے علاقے ماچھکہ میں ڈاکوؤں نے پولیس کی 2 گاڑیوں پر حملہ کر کے 12 پولیس اہلکاروں کو شہید اور 8 کو زخمی کر دیا تھا۔

نماز جنازہ ادا

دوسری جانب رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے حملے میں شہید ہونے والے 12 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

وزیرداخلہ محسن نقوی شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ میں شرکت کی، محسن نقوی شہداء کے خاندانوں سے ملاقات کریں گے۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پنجاب پولیس کی دیگر اعلیٰ قیادت کے ہمراہ رحیم یار خان پہنچ گئے ہیں۔

ترجمان پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب کچہ ماچھکہ کے سانحہ کے اسپتال میں زیر علاج پولیس اہلکاروں کی عیادت کریں گے اور ماچھکہ کے سانحہ میں شہید 12 اہلکاروں کی نماز جنازہ میں بھی شرکت کریں گے

Read Comments