ہارورڈ بزنس اسکول کے 9 مختلف ممالک کے 44 طلباء کے ایک وفد نے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، آرمی چیف نے علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے میں پاکستان کے اہم کردار، دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل کوششوں سمیت جمہوری اقدار کو فروغ دینے کے عزم پر اظہار خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے موجودہ درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تعلیم، تنقیدی سوچ اور جدت پسندی کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے پاکستان کی وسیع صلاحیتوں پر روشنی ڈالی اور حاضرین کو ذاتی تجربات کی بنیاد پر اپنی رائے قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ڈیجیٹل دور میں غلط معلومات اور جعلی خبروں کے خطرات بارے بھی خبردار کیا۔
انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اس ماحول میں دیکھ بھال کر آگے بڑھیں، ہارورڈ کے طلباء نے تعمیری اور موثر بات چیت کا موقع فراہم کرنے پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات 20 اگست کو جنرل ہیڈ کوارٹرز میں مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء کے ساتھ آرمی چیف جنرل سید عاصم کے تبادلہ خیال کے تناظر میں ہوئی، جس کامقصد قوم کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور ان کے عزم کو اجاگر کرنا تھا۔