بنگلادیش کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے، قومی ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 256 رنز بنالیے۔
راولپنڈی میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان ٹیم نے 4 وکٹوں پر 158 رنز پر بیٹنگ کا آغاز کیا، پہلے سیشن میں محمد رضوان نے پُراعتماد بلے بازی کرتے ہوئے اپنی نصف سینچری بنائی۔
اس وقت قومی ٹیم نے سعود شکیل اور محمد رضوان کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر 256 رنز بنا لیے جبکہ محمد رضوان 89 اور سعود شکیل 86 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
کھیل کے پہلے دن بنگلادیش نے ٹاس جیت کر بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور نئی گیند کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کے ابتدائی 3 کھلاڑیوں کو جلد ہی آؤٹ کردیا۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث تاخیر کا شکار
قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 3 کے مجموعی اسکور گری جب عبد اللہ شفیق 2 رنز پر پویلین لوٹے پھر دوسری وکٹ 14 کے مجموعی اسکور پر کپتان شان مسعود کی گری جو 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
قومی ٹیم کو تیسرا نقصان 16 کے اسکور پر بابراعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 2 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ڈک آؤٹ ہوئے۔
16 رنز ہر 3 وکٹیں گنوا کر پاکستانی ٹیم شدید مشکلات سے دوچار تھی اور اس مرحلے پر نوجوان صائم ایوب کا ساتھ دینے سعود شکیل آئے اور دونوں نے سنبھل کر بیٹنگ کرنا شروع کی تاہم صائم ایوب اور سعود شکیل کی نصف سنچریوں نے پاکستان کی پوزیشن کو بہتر کیا۔
دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کیا اور چوتھی وکٹ کے لیے 98 رنز کی شراکت قائم کی جبکہ اس دوران صائم نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی نصف سنچری بھی مکمل کر لی تھی۔
جب خراب روشنی کے باعث کھیل قبل از وقت ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے تھے، سعود شکیل 57 اور محمد رضوان 24 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔
بنگلادیش کی جانب سے اب تک شریف الاسلام اور حسن محمود نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں بنگلادیشی کپتان نجم الحسن شانتو نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں اوور کاسٹ کنڈیشنز کا فائدہ اٹھاکر گرین شرٹس کی جلد وکٹیں حاصل کریں۔
اس موقع پر کپتان شان مسعود نے کہا کہ ٹاس جیتے تو فیلڈنگ ہی کا فیصلہ کرتے تاہم کوشش ہوگی بورڈ پر بڑا اسکور کھڑا کرکے بنگال ٹائیگرز کے بالرز کو پریشر میں لائیں۔
راولپنڈی ٹیسٹ میں موسم کیسا رہے گا، بڑی خبر آگئی
پاک بنگلہ دیش کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ بارش کے باعث آؤٹ فلیڈ گیلی ہونے کے باعث ساڑھے پانچ گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا اور 41 اوورز کا کھیل ڈیرھ گھنٹے تک وقت بڑھا کر مکمل کروایا گیا۔
پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان پلیئنگ الیون میں عبداللّٰہ شفیق، صائم ایوب، شان مسعود (کپتان)، بابر اعظم، سعود شکیل (نائب کپتان)، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، خرم شہزاد اور محمد علی شامل ہیں۔
بنگلہ دیشی اسکواڈ میں نجم الحسن شانتو (کپتان)، حسن محمود، لٹن داس، مہدی حسن میراز ، مومن الحق، مشفق الرحیم، ناہید رانا، نعیم حسن، شادمان اسلام، شکیب الحسن، شریف الاسلام، سید خالد احمد، تائجو الاسلام اور ذاکر حسن شامل ہیں۔