بالی ووڈ کی نئی ہارر کامیڈی فلم ”استری 2“ کے دیوہیکل سرکٹے نے لوگوں میں خوف پیدا کردیا ہے۔ لیکن یہ سرکٹا اصل میں ہے کون؟ اس حوالے سے دلچسپ تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
فلم ”استری“ سال 2018 میں ریلیز ہوئی تھی جس کا اختتام ایسے موڑ پر کیا گیا تھا جو اگلے سیکوئل کا اشارہ دے رہا تھا، اب چھ سال بعد فلم کا دوسرا پارٹ ریلیز کیا گیا ہے۔
اس فلم کی کاسٹ میں شامل شردھا کپور اور راجکمار راؤ کے علاوہ اپارشکتی کھرانہ، ابھیشیک بینرجی اور پنکج ترپاٹھی بھی اپنی بہترین اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئے۔
اس ہارر کامیڈی فلم میں اداکارہ شردھا کپور چڑیل کے روپ میں نظر آئیں جبکہ اداکار راج کمار راؤ ایک عام آدمی ہونے کے ساتھ ساتھ ”سرکٹے“ سے نبرد آزما ہوتے دکھائی دیے۔
اس ہارر فلم میں جابجا کامیڈی کے عنصر نے فلم کو چار چاند لگا دیے۔
فلم کے پہلے پارٹ میں گھونگھٹ اوڑھی ایک خاتون ”استری“ کا کردار نبھاتی نظر آئی تھیں، جن کا چہرہ جب اسکرینز پر دکھایا گیا تو فلم بین خوفزدہ رہ گئے۔
اسی طرح فلم کے دوسرے سیکوئل میں بھی یہ کردار دیکھنے کو ملا کیونکہ جس فلم کا نام ”استری“ ہو اس میں ”استری“ (عورت) کا تو آنا بنتا ہی ہے۔
پہلا باورچی کون، انسانوں نے کھانے کو پکا کر کھانا کب شروع کیا؟
دوسرے پارٹ میں دیو قامت ڈراؤنے بھوت ”سر کٹے“ کے کردار نے بھی سب کی توجہ حاصل کی جس کے سامنے فلم کی پوری کاسٹ بونے بونیاں نظر آئی۔
امر کوشک نے اس فلم سے بالی ووڈ کی دنیا کو ایک نئے ولن سے نواز دیا ہے۔ فلم میں سر کٹے کا کردار سب سے اہم ہے کیونکہ پوری کہانی اس دیوہیکل سرکٹے کے گرد ہی گھوم رہی ہے۔
چندری کی خواتین کو خوفزدہ کرنے والے سات فٹ کے اس خوفناک سر کٹے کے قد کو دیکھ کر بہت سے فلم بین یہ سمجھے کہ یہ کیمرا ٹیکنیک کا کمال ہے لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے کیونکہ 7 فٹ کے سرکٹے کا کردار نبھانے والے شخص کا نام سنیل کمار ہے۔
سنیل کمار جموں کا رہائشی ہے اور پولیس کانسٹیبل ہونے کے ساتھ ساتھ وہ پیشہ ورانہ پہلوان بھی ہے جس نے سال 2019 میں سنیل کمار نے ڈیبلیو ڈیبلیو ای ٹرائے آؤٹ میں حصہ لیا تھا۔
سنیل کمار کا قد 7 فٹ 6 انچ ہے جو بھارتی پنجاب کے مشہور ریسلر ”دا گریٹ کھلی“ سے بھی 5 انچ زیادہ ہے اور اسی سبب سنیل کو ”دا گریٹ کھلی آف جموں“ کہا جاتا ہے۔
فلم کے ہدایتکار امر کوشک نے فلم کے کردار سرکٹے کیلئے سنیل کمار کی کاسٹ سے متعلق بتایا کہ ’کاسٹنگ ٹیم نے سنیل کمار کو ڈھونڈا، ہمیں ایک ایسے شخص کی تلاش تھی جس کا قد کافی زیادہ ہو اور سنیل اس کردار کیلئے بہترین انتخاب تھے، ہم نے سنیل کمار کی باڈی کو بغیر کسی کیمرا ٹیکنیک کے فلمایا جبکہ ان کا چہرہ سی جی آئی کی مدد سے جنیریٹ کیا گیا‘۔