ٹی وی کی معروف سینیر اداکارہ عصمت زیدی نے نئی نسل کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مالی خود مختاری ہر حال میں یقینی بنائے کیونکہ کسی بھی وقت کچھ بھی ہوسکتا ہے۔
عصمت زیدی نے ایک ٹی وی شو میں بتایا کہ اُن کی زندگی میں کوئی پریشانی نہیں تھی مگر پھر یوں ہوا کہ شادی کے 23 سال بعد اُن کے شوہر نے دوسری شادی کرکے اُنہیں تنہا کردیا۔
عصمت زیدی کہتی ہیں اُن کا بچپن بہت اچھا گزارا۔ کسی معاملے میں کوئی تکلیف نہ تھی۔ اُن کی شادی 19 سال کی عمر میں ہوئی تھی۔ 23 سال بعد طلاق ہوئی تو اُن کی زندگی میں بڑی تبدیلیاں رونما ہوئیں۔
عصمت زیدی کے بقول اُنہیں زندگی کا پہلا بڑا دھچکا اُس وقت لگا جب شوہر نے غیر متوقع طور پر دوسری شادی کرلی۔
وہ یہ تو جانتی تھیں کہ اُن کے شوہر کی زندگی میں کوئی ہے مگر یہ اندازہ نہیں تھا کہ وہ شادی ہی کرلیں گے۔ وہ بچوں کے مستقبل کے حوالے سے سوچ کر خاموش رہیں۔ اس حوالے سے لوگوں نے طرح طرح کی باتیں بنائیں مگر اُنہوں نے پروا نہیں کی۔
عصمت زیدی کہتی ہیں کہ انہوں نے والدین اور بچوں کی خاطر خاموش رہنے کو ترجیح دی تو لوگوں نے اُنہیں ڈِھٹائی کا طعنہ بھی دیا۔ اُن کی مجبوری کو سمجھنے کی کوشش کرنے والے خال خال تھے۔
نوجوان لڑکیوں کو عصمت زیدی کا مشورہ ہے کہ اپنے اعصاب مضبوط رکھیں، تحمل سے کام لینا سیکھیں، نفسی دباؤ کو مثبت طور پر لینے کی عادت ڈالیں اور مالی خود مختاری یقینی بنائیں کیونکہ زندگی کسی بھی وقت کسی بھی موڑ تک پہنچاسکتی ہے۔
23 سال بعد طلاق ہوئی تو عصمت زیدی کا ساتھ اُن کی ساس اور سُسر نے بھی دیا۔ یاد رہے کہ عصمت زیدی نے اولاد ہو جانے کے بعد اداکاری کی دنیا میں اپنا کریئر شروع کیا تھا۔ عصمت زیدی کی عمر ڈھل چکی ہے تاہم وہ ایک اچھی اداکارہ کی حیثیت سے پروڈیوسرز کی فیورٹ ہیں۔ ان کی شخصیت سنجیدہ کرداروں کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔