Aaj Logo

شائع 21 اگست 2024 03:23pm

پرویز الہٰی سے متعلق غیرضروری درخواست پر نیب پر 2 لاکھ روپے جرمانہ

لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی سے متعلق غیرضروری درخواست پر نیب پر 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے پرویز الہیٰ کو نیب انکوائری ریکارڈ فراہم کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے پرویز الہٰی سے متعلق غیرضروری درخواست دائر کرنے پر 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا جبکہ 2 رکنی بینچ نے نیب کی درخواست غیر ضروری قرار دے کر خارج کردی۔

عدالت نے کہا کہ نیب کی درخواست عدالتی وقت ضائع کرنے کے مترادف ہے۔

یاد رہے کہ نیب نے پرویز الہٰی کو نیب انکوئری کا ریکارڈ دینے سے متعلق احتساب عدالت کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ نیب رولز کے مطابق انکوائری کا ریکارڈ فراہم نہیں کیا جا سکتا۔

نیب کورٹ نے پرویز الہٰی کو ترقیاتی منصوبوں کے ریفرنس کی انکوائری کا ریکارڈ دینے کا حکم دیا تھا۔

واضح رہے کہ نیب کورٹ میں پرویز الہی کے خلاف ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کا ریفرنس زیر سماعت ہے۔

Read Comments