ملک کے مختلف علاقوں میں آج مزید موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ کراچی سمیت اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج شام کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، صوبے کے مختلف شہروں جیکب آباد، دادو اور جامشورو میں آج شام یا رات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج بھی ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، کشمیر، شمال مشرقی/جنوبی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی/جنوبی بلوچستان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے ۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے جبکہ صبح کے اوقات میں موسلادھار بارش ہوئی۔
کراچی میں آج بھی بوندا باندی کا امکان، دیگر شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی
اس کے علاوہ لاہور شہر کے مختلف علاقوں میں رات سے بارش کا آغاز ہوا جس سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ پنجاب کے مختلف شہروں سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، قصور، لاہور، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سرگودھا، میانوالی، بھکر، لیہ، خوشاب، بہاولپور، ملتان، تونسہ اورڈیرہ غازی خان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خیبرپختوانخوا میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، بالاکوٹ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، نوشہرہ، صوابی، چارسدہ، مہمند، خیبر، باجوڑ، مالاکنڈ، مردان، پشاور، کرک، کوہاٹ، کرم، بنوں، وزیرستان، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کی بھی توقع ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، شیرانی، لورالائی، سبی، زیارت، لسبیلہ، قلات، خضدار اور نصیر آباد میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب بارشوں کے باعث سندھ کے اکثر علاقوں میں سیلابی صورتِ حال برقرار ہے، سینکڑوں دیہات زیر آب گئے جبکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے۔
سانگھڑ کی تحصیل ٹنڈو آدم میں 50 سے زائد دیہات سیلاب سے متاثر ہونے کے بعد مکین اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی پر مجبور ہیں۔
نوشہرو فیروز میں پوائنٹ بکھری کے مقام پر دریائے سندھ میں سیلابی ریلا ٹکرانے کے بعد بچاؤ بند پر دو روز قبل شگاف پڑنے سے مزید 10 گاؤں اور فصلیں زیرِ آب آگئیں جبکہ پشتوں کی مرمت کا کام جاری ہے۔
بلوچستان میں مون سون بارشوں کا سلسلہ تھم گیا، مختلف حادثات میں 19 افراد جاں بحق
سکھر میں 98 فیصد علاقوں سے برساتی پانی کا نکاس مکمل کرلیا گیا، سکھر اسٹیشن، کچی آبادی گول ٹکری اور بے نظیر کالونی سے بھی پانی کے نکاسی کا عمل جاری ہے، نکاس آب کا کام آج مکمل ہونے کا امکان ہے۔