کراچی میں کارساز کے قریب خوفناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق باپ بیٹی عمران اور آمنہ کا جسد خاکی ان کی رہائش گاہ پہنچا دیا گیا، جس کے بعد یاسر ویو اپارٹمنٹ میں سوگ کا سماں ہو گیا اور اہل محلہ کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔
اہل خانہ سے تعزیت کے لئے مرد اور خواتین کا جم غفیر جمع ہوگیا، آخری دیدار کے بعد جنازوں کو میمن مسجد گلزار ہجری لے جایا گیا، جہاں بعد نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ سابق ایم پی اے عالمگیر خان نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔
نماز جنازہ کے بعد باپ بیٹی کو ماڈل کالونی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
اہل خانہ کے مطابق کارساز روڈ پر خونی ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے والد عمران عارف اپنی بیٹی آمنہ کو نجی کمپنی سے گھر لے کر جا رہے تھے۔
بھائی اسامہ کے مطابق آمنہ تین بہن بھائیوں میں سب سے بڑی تھی اور ایم بی اے کررہی تھی، جبکہ والد سائیکل پر گلی محلے میں پاپڑ فروخت کرتے تھے تھا۔
بھائی نے بتایا کہ بہن نے ابو کو فون کیا کہ آفس سے چھٹی ہونے والی ہے لینے آجائیں، عمران عارف اسکیم 33 سے بیٹی کو لینے اس کے آفس گئے، آفس سے بائیک پر بیٹی کو لے کر نکلے تولینڈ کروزر نے باپ بیٹی سمیت کئی موٹرسائیکل سواروں اور ایک گاڑی کو ہٹ کیا۔
مذکورہ لینڈ کروزر معروف صنعتکار دانش اقبال کی اہلیہ نتاشا اقبال چلا رہی تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے ملزمہ کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، خاتون کو ذہنی مریض بتا کر رہا کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔