لیبیا کے مرکزی بینک نے اپنے ایک سینیر ڈائریکٹر کے اغوا کے بعد احتجاج کرتے ہوئے کام مکمل طور پر روک دیا ہے۔ بینک کی انتظامیہ نے انتباہ کیا ہے کہ جب تک ڈائریکٹر کو بازیاب نہیں کرالیا جاتا تب تک کام نہیں ہوگا۔
لیبیا کے مرکزی بینک کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر مصعب مسالم کے اغوا پر مرکزی بینک کے ملازمین مشتعل ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اصولوں پر سودے بازی نہیں ہوگی۔ مصعب مسالم کی بازیابی تک مرکزی بینک میں کام کاج بند ہی رہے گا۔
مصعب مسالم کو نامعلوم افراد نے اتوار کی صبح اُن کے گھر سے اغوا کیا۔ مرکزی بینک نے بتایا ہے کہ دیگر ایگزیکٹیوز کو بھی اغوا کرنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔ گزشتہ ہفتے طرابلس میں لیبیا کے مرکزی بینک کے صدر دفتر کا مسلح افراد نے محاصرہ کیا تھا۔
میڈیا کی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ مصعب مسالم کو اغوا کرنے والوں نے مرکزی بینک کے گورنر صدیق الکبیر کے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔