میکسیکو میں ایک قدیم اہرام دیکھتے ہی دیکھتے ملبے کا ڈھیر بن گیا۔ بہت سے لوگ اسے بدشگونی کی علامت کے طور پر لے رہے ہیں۔
میکسیکو کا یہ پتھروں کا بنا ہوا اہرام 15 میٹر بلند تھا۔ مشوئیکن کی ریاست (صوبے) میں واقع یہ اہرام 29 جولائی کی شب طوفانی بارشوں کو مکمل طور پر جھیلنے میں ناکام رہا اور اس کی جنوبی دیوار ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی۔
یہ اہرام مشوئیکن کی بادشاہت سے تعلق رکھنے والی تہذیب کی بہتر طور پر محفوظ کی ہوئی یادگاروں میں سے تھا۔ یہ اہرام اہواٹزیو کے علاقے میں ہے جہاں چند اور اہرام اور مقبرے بھی موجود ہیں۔
یہ تمام آثار قدیمہ 500 سے ہزار سال پرانے ہیں۔ اُس دور کے کلچر کی یاد دلانے والی بہت سی چیزیں آج تک باقی ہیں۔ اس علاقے کو سب سے پہلے نیہوئیٹل زبان بولنے والے مقامی گروہوں نے گیارہ سو سال پہلے فتح کیا تھا۔
طوفانی بارشوں اور موسمی تبدیلیوں سے صرف ایک اہرام کو نقصان پہنچا ہے تاہم میکسیکو کے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف اینتھروپولوجی اینڈ ہسٹری کے عملے کا کہنا ہے کہ متاثرہ اہرام کی سیڑھیوں میں سے 6 کو نقصان پہنچا ہے۔ بیرونی دیوار بھی بُری طرح متاثر ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ طوفانی بارشوں سے قبل میکسیکو تیس سال کی شدید ترین قحط سالی کا شکار رہا ہے۔