Aaj Logo

شائع 19 اگست 2024 09:18am

خلا سے زمین پر بجلی چمکنے کا دلکش نظارہ

خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا کے ایک خلاباز نے زمین پر آسمانی بجلی چمکنے کا دلکش منظر شئیر کر دیا جس کی تصویر انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق 17 اگست کو اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر خلا باز میتھیو ڈومینک کی جانب سے خلا سے لی گئی بجلی چمکنے کے حیرت انگیز نظارے کی تصویر شیئر کی گئی۔

میتھیو ڈومینک نے شئیر کردہ پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ بھارت کے آسمان پر بجلی چمکنے کا منظر، یہ خوبصورت تصویر حاصل کرنے کے لیے میں نے متعدد شاٹس لیے اور جب فریم میں بجلی چمکنے کا نظارہ قید ہوا تو میں بہت خوش ہوا۔ اس تصویر میں ترمیم کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

ناسا کے خلا باز نے کمنٹس پر اس تصویر سے متعلق لکھا کہ تصویر میں جو آپ پانی میں چھوٹی لکیریں دیکھ رہے ہیں، وہ درحقیقت پانی میں موجود کشتیوں کی روشنیاں ہیں۔ لکیریں دھندلی ہیں کیونکہ جب میں نے تصویر کھینچی تو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن تیزی سے آگے بڑھ رہا تھا، اور اس نے ایک خاص فاصلہ طے کیا۔

مذکورہ پوسٹ پر ایک ہزار سے زائد لائکس آئے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اسے تقریباً ایک لاکھ صارفین نے دیکھا۔

ایک صارف نے تصویر پر لکھا کہ واہ پہلے کبھی ایسا نظارہ نہیں دیکھا۔

ایک اور نے لکھا کہ یہ سب سے دلچسپ تصاویر میں سے ایک ہے۔

Read Comments