Aaj Logo

شائع 18 اگست 2024 08:54pm

’مجھے جیل میں رکھو، اس کے ساتھ نہیں رہنا چاہتا‘، بیوی کے تشدد سے تنگ شوہر بھاگ نکلا

عجیب و غریب خبریں فراہم کرنے میں بھارت کا کوئی ثانی نہیں، کوئی حریف بھی نہیں۔ بھارت کے شہر بنگلور سے خبر آئی ہے کہ ٹیکنالوجی کے ایک ماہر نے پولیس میں رپورٹ درج کراتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے جیل میں ڈال دو مگر میں اپنی کے ساتھ نہیں رہ سکتا کیونکہ میں اس کے ”تشدد“ سے تنگ آچکا ہوں۔

بھارت کی جنوبی ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور سے تعلق رکھنے والا یہ پروفیشنل 4 اگست کو لاپتا ہوا تھا۔ اب معلوم ہوا ہے کہ وہ دہلی کے نواح میں نوئیڈا کے علاقے میں ہے۔ وہ اس شکایت کی بنیاد پر گھر سے بھاگا تھا کہ بیوی اُسے پریشان کرتی ہے اور اُس کی زندگی پر حاوی رہنا چاہتی ہے۔

پولیس کو اس شخص کا پتا اُس وقت چلا جب وہ نوئیڈا میں فلم دیکھنے کے بعد سنیما ہال سے باہر آرہا تھا۔ حکام اسے جمعہ کو بنگلور لے گئے۔

اس شخص کی گم شدگی سے بیوی بہت پریشان تھی۔ اس نے پولیس پر الزام لگایا تھا کہ وہ اُس کا پتا لگانے کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کر رہی۔ اُس نے اپنے شوہر کی تصویر اور گم شدگی کی خبر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی تھی۔

یہ شخص اے ٹیم ایم سے پیسے نکلوانے کے لیے گھر سے نکلا اور پھر اُس نے اپنے سیل نمبر بھی بند کردیا۔ اس شخص نے نوئیڈا پہنچ کر فون کی نئی سِم خریدی۔ جب اُس نے سِم اپنے موبائل فون میں ڈالی تو پولیس کو اُس کی لوکیشن کا علم ہوگیا۔

سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکاروں نے جب اُسے سنیما کے باہر تحویل میں لینا چاہا تب اُس نے مزاحمت کرتے ہوئے کہا مجھے چاہے جیل میں ڈال دو مگر اُس عورت کے ساتھ میں نہیں رہ سکتا۔ اس نے بتایا کہ بیوی ہر معاملے میں لڑتی جھگڑتی ہے۔ اگر کھاتے کھاتے کھانا گر جائے تو اُس پر بھی ہنگامہ برپا کرتی ہے۔

Read Comments