خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اندورنی اختلافات کی نذر ہوگیا۔
پیر کو ہونے والا صوبائی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کردیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق اسمبلی اجلاس 26 اگست کو ہوگا۔
اس حوالے سے پارٹی ذرائع نے بتایا کہ اسمبلی میں ممکنہ طور پر وزیراعلیٰ علی امین کے خلاف چارج شیٹ پیش کرنے کی وجہ سے اسمبلی اجلاس ملتوی کیا گیا۔
پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں اختلافات پر عمران خان برہم، 2 اہم رہنماؤں کو طلب کرلیا
ذرائع نے بتایا کہ شکیل خان کے معاملے پر شکیل خان گروپ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، شکیل خان نے اسمبلی فلور پر حقائق بیان کرنے کا عندیہ دیا تھا۔
خیبر پختونخوا میں سرکاری فنڈز بانٹنے پر لڑائیاں ہو رہی ہیں، عظمیٰ بخاری
واضح رہے کہ چند روز قبل خیبر پختونخوا کے وزیر برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس شکیل خان نے اپنی ہی جماعت کی خیبر پختونخوا حکومت پر کرپشن کے الزامات لگا کر عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا تاہم وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ شکیل خان نے استعفیٰ نہیں دیا بلکہ انہیں برطرف کیا گیا ہے۔
شکیل خان کی برطرفی کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے اندر سے بھی آوازیں اٹھیں اور متعدد اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے شکیل خان کی حمایت میں بیان بھی دیے جبکہ علی امین گنڈا پور اور شکیل خان کے درمیان واٹس ایپ گروپ پر تلخ کلامی بھی ہوئی جس میں دونوں نے ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات عائد کیے۔
مستعفی ہونے والے صوبائی وزیر شکیل خان کے بعد ممبر قومی اسمبلی جنید اکبر کو وزیراعلیٰ کے فوکل پرسن کے عہدے سے بھی ہٹایا گیا تھا۔