بھارت کی جنوبی ریاست کرناٹک کے وزیرِاعلیٰ سِدا رمیا کے خلاف کرپشن کے الزام میں قانونی کارروائی کے لیے گورنر کی طرف سے گرین سگنل دیے جانے پر ہنگام برپا ہوگیا ہے۔
کارناٹک میں کانگریس کی حکومت ہے۔ کانگریس کی قیادت نے سِدا رمیا کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے اُن سے کہا ہے کہ وہ کسی بھی حال میں عہدہ نہ چھوڑیں اور ڈٹے رہیں۔
کانگریس نے الزام لگایا ہے ک مودی سرکار اپوزیشن جماعتوں کی حکومت والی ریاستوں میں خرابیاں پیدا کرنے پر تُلی ہوئی ہے۔
کانگریس کا کہنا ہے کہ مغربی بنگال میں ممتا بینرجی کو پریشان کرنے کے بعد اب مرکز کے نمائندے کی حیثیت سے گورنر کو استعمال کرکے کرناٹک کے وزیرِاعلیٰ کا ناک میں دم کر رہی ہے۔ انہیں کام کرنے سے روکا جارہا ہے۔ گورنر کی طرف سے سِدا رمیا کے خلاف قانونی کارروائی کی اجازت دینا اس کا بات ثبوت ہے کہ مودی سرکار مخالف جماعتوں کی ریاستی حکومتوں کو برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں۔