مشہور بھارتی پلے بیک گلوکارہ الکا یاگنک نے حال ہی میں یاد کیا کہ،جب اے آر رحمان نے پہلی بار روجا کے لئے گانے گانے کے لئے ان سے رابطہ کیا تھا توکس طرح انہوں نے اور کمار سانو نے اے آر رحمن کو کم تر سمجھتے ہوئے انکار کردیا تھا۔
گلوکارہ نے یہ بھی اعتراف کیا کہ انہیں بعد میں ان کی خوبصورت دھنوں اور گانوں کو سن کر اپنے فیصلے پر افسوس ہوا کہ وہ ان سے محروم رہ گئیں۔
ذہنی سکون کی خاطر 53 شادیاں کرنے والے شخص کا مردوں کو اہم مشورہ
اے آر رحمان آج عالمی سطح پر سب سے مشہور میوزک کمپوزرز میں سے ایک ہیں ، لیکن کئی کامیاب اور شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی ہستیوں کی طرح انہیں بھی شروع میں کئی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اگر پیچھے مڑ کر دیکھا جائے توایک وقت ایسا تھا جب بالی ووڈ کے کئی گلوکار ان کے ساتھ کام کرنے سے ہچکچا رہے تھے۔ اسوقت وہ انڈسٹری میں ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ تھے۔ اس دور کی ایک ایسی ہی کہانی پلے بیک گلوکارہ الکا یاگنک نے شیئر کی، جس میں وہ اور ساتھی گلوکار کمار سانو شامل تھے۔
ریڈیو نشا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں یاگنک نے یاد کیا جب رحمن نے پہلی بار ان سے رابطہ کیا تھا۔ مجھے چنائی سے فون آیا کہ اے آر رحمان نامی ایک نیا موسیقار ایک فلم کے لئے گانے کمپوز کر رہاہے اوروہ آپ اور کمار سانو سے پورا ساؤنڈ ٹریک گانے کا خواہشمند ہے ۔ میری ممبئی میں کئی پرانے موسیقاروں کے ساتھ تاریخیں بک تھیں اور میں انہیں نہیہں چھوڑنا چاہتی تھی اور نہ ہی میں جانتی تھی کہ اے آر رحمان کون ہے۔ میں نے انکار کردیا۔
یاگنک کے مطابق انہوں نے کمارسانو سے رابطہ کیا تو انہوں نے بھی پرانے ساتھیوں کو نہ چھوڑنے کا فیصلہ کرتے ہوئے انہیں منع کردیا ۔ کہ خدا جانے یہ نیا موسیقار کون ہے۔ ہم دونوں نے انکار کرنے کا فیصلہ کیا۔
بعد میں، جب میں نے ان کے گانے سنے، تو اپنا سر دیوار پر مارنا چاہا۔ کیونکہ وہ خوبصورت گیت تھےاورمیں نے انہیں گانے کا سنہری موقع ضائع کر دیا تھا۔
گرچہ یاگنک نے اس کے بعد اے آر رحمان کے ساتھ بہت کام کیا لیکن اس موقع کو ضائع کرنے کی خلش ان کے دل میں اب بھی ہے۔ اگلی بار جب میں نے رحمان کے ساتھ کام کیا، تو انہوں نے مجھ سے پہلی ہی ملاقات میں یہ شکوہ کیا کہ، ’آپ نے میرے پرانے گانے نہیں گائے۔ مجھے بہت شرمندگی محسوس ہوئی۔ میرا دل چاہ رہا تھا کہ میں زمین میں سما جاوں۔ کیونکہ یہ مکمل طور پر میرا ہی نقصان تھا۔ ایلکا نے افسوس کے ساتھ کہا۔
یاگنک نے اعتراف کیا کہ اے آر رحمان کے لیجنڈری کیریئر کے آغاز میں کسی غیر معمولی چیز کا حصہ بننے کا موقع ضائع کردیا تھا۔
یاد رہے کہ عالمی شہرت یافتہ بھارتی گلوکار، میوزک ڈائریکٹر و گیت نگار اے آر رحمان حال ہی میں ساتویں مرتبہ نیشنل ایوارڈ برائے موسیقی جیت چکے ہیں۔ اس طرح وہ بھارت میں سب سے زیادہ مرتبہ یہ ایوارڈ جیتنے والے پہلے میوزک ڈائریکٹر بن گئے ہیں۔