پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں مبینہ سائبر ہراسمنٹ کی وجہ سے پاکستان سے موصول ہونے والی ای میلز بلاک کرنا پڑیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جمعہ کے روز جمائمہ کی جانب سے اپنے انسٹاگرام اور ایکس اکاؤنٹس پر بیان جاری کیا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مجھ سے کچھ لوگ رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مجھے سائبر ہراساں کرنے کے باعث پاکستان سے آنے والی تمام ای میلز کو بلاک کرنا پڑا۔
جمائما گولڈ اسمتھ نے مزید لکھا کہ بلاشبہ مجھے اس کام کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مایوس مخالفین کی طرف سے اکسایا گیا ہے۔ ظاہر ہے کہ چونکہ ایکس پر اب پاکستان میں ان مایوس مخالفین نے پابندی عائد کر رکھی ہے، صرف وی پی این استعمال کرنے والے افراد ہی میرا پیغام دیکھ سکیں گے۔
پوسٹ کے آخر میں جمائمہ نے لکھا کہ پاکستانی سیاست ایک ایسا تحفہ ہے جو ملک چھوڑنے کے 20 سال بعد بھی پیچھا کر رہا ہے۔