Aaj Logo

شائع 16 اگست 2024 11:35pm

پی ٹی آئی کور کمیٹی نے حماد اظہر کا استعفیٰ مسترد کردیا

پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں وفاقی دارالحکومت کا جلسہ ہر صورتب 22 اگست کو کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کور کمیٹی نے حماد اظہر کا استعفیٰ بھی مسترد کردیا۔

کور کمیٹی نے حماد اظہر سے درخواست کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو جاری رکھیں اور موجودہ مشکل وقت میں پارٹی کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

واضح رہے کہ جمعرات کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کے صدر حماد اظہر نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

حماد اظہر نے ”ایکس“ پر لکھا تھا کہ بدقسمتی سے میری بانی پی ٹی آئی تک رسائی نہیں ہے، میں نے پریس کانفرنس نہیں کی اور نہ ہی کوئی ڈیل کی۔

انہوں نے لکھا تھا کہ میری نقل و حرکت پر بہت سختی ہے، اڈیالہ نہیں جاسکتا، پنجاب کی تنظیم میں ایسے فیصلے ہوئے جن پر نہ میری رائے، نہ رضامندی شامل تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ ان میں اکثر فیصلے ایسے بھی تھے جن پر میرٹ کی بجائے لابنگ تھی۔ ‏لابنگ ہورہی تھی کہ لاہور کے صدر چوہدری اصغر کو بدلا جائے، خان صاحب کو غلط حقائق دے کر ہدایت حاصل کرلی۔

حماد اظہر نے کہا تھا کہ چوہدری اصغر کا قصور یہ ہے کے وہ دو ماہ قید میں رہے، میں پنجاب کی صدارت کا چارج چھوڑ رہا ہوں، بانی پی ٹی آئی کا ایک کارکن تھا اوررہوں گا۔

Read Comments