مکسڈ مارشل آرٹس ایشین چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے 13 رکنی بھارتی ٹیم پاکستان پہنچ گئی ہے، مکسڈ مارشل آرٹس ایشین چیمپئن شپ چیمپئن شپ 18 سے 22 اگست لاہورمیں ہوگی۔ بھارتی فائٹر سری کانتھ شیکر نے کہا کہ بھارت صرف 50 منٹ کے فاصلے پر ہے چیمپئنز ٹرافی کھیلنےضرور آئےگا۔
ایشین چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے بھارتی فائٹرز اور کوچز براستہ واہگہ بارڈر لاہور پہنچے۔ بھارتی ٹیم کااستقبال پاکستان ایم ایم اے فیڈریشن کے نمائندوں نے کیا اس کے بعد ٹیم کو سخت سکیورٹی حصار میں نجی ہوٹل منتقل کردیا گیا۔
بھارتی مکس مارشل آرٹس ٹیم میں دو خواتین فائٹرز بھی شامل ہیں۔
پہلی بار پاکستان میں ہونے والی مکسڈ مارشل آرٹس ایشین چیمپئن شپ میں بریو کمباٹ فیڈریشن کے مقابلے بھی ہوں گے۔
بڑا مقابلہ بھارتی فائٹر سریکانت شیکھر اور رضوان علی کے درمیان ہوگا۔
بریو کمباٹ اور ایشین چیمپئن شپ مقابلوں میں 23 ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
ایشین چیمپئن شپ میں 12 جبکہ بریو کمباٹ میں 11 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ مقابلوں میں 180 سے زائد فائٹرز حصہ لیں گے جبکہ 120 سے زائد آفیشلز اور ٹیکنیکل اسٹاف بھی ایونٹس میں شرکت کرے گا۔
لاہور میں مکسڈ مارشل آرٹس ایشین چیمپئن شپ میں شریک ٹیموں نے پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر بھارتی فائٹر سری کانتھ شیکر نے کہا کہ ’بھارت صرف 50 منٹ کے فاصلے پر ہے چیمپئنز ٹرافی کھیلنےضرور آئےگا‘۔ پاکستان میں آکر کھیلنا ایک اعزاز ہے، پاکستان اور انڈیا کا مقابلہ کسی کھیل میں ہو ہمیشہ جوشیلہ ہوتا ہے۔
پاکستانی فائٹر ضیاء مشوانی نے کہا کہ میں بھرپور تیاری میں ہوں اور ایک اچھی فائٹ کروں گا، پوری تیاری ہے بھارتی فائٹر کو ٹف ٹائم دوں گا۔
صدر ایم ایم اے پاکستان عمر احمد نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے تعاون ہے لیکن فنڈنگ نہیں ملی، مارشل آرٹس ایسی گیم ہے جس میں پرائیویٹ اسپانسرکو سامنے آنا چاہیے۔