دنیا کے کچھ حصے ایسے ہیں جہاں اونٹوں کو سانپ کھلانے کی روایت پائی جاتی ہے، جو کہ ایک انتہائی عجیب اور پریشان کن عمل ہے۔
سانپ کا زہر اتنا مہلک ہوتا ہے کہ وہ سیکنڈز میں انسان تو کیا طاقتور جانور کو بھی مار سکتا ہے۔ مگر خیال کیا جاتا ہے کہ اونٹ کے زندہ سانپ کھانے سے اسے نقصان نہیں پہنچتا۔
ڈی این اے انڈیا کی رپورٹ کے مطابق سانپ کھانے سے اونٹوں کو بیمار ہونے سے بچایا جاسکتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ اس عجیب روایت کی اصل وجہ حیام نامی بیماری یا نکسیر کی بیماری سے بیان کی جا سکتی ہے جو اونٹوں کو ہوتی ہے۔ کچھ ذرائع بتاتے ہیں کہ زندہ سانپ کھانے سے اس بیماری کے علاج میں مدد مل سکتی ہے۔ اور یہ بھی خیال کیا جاتا ہے کہ سانپ کے زہر سے اونٹ میں اینٹی باڈیز پیدا ہوتی ہیں جو اسے بیماری سے لڑنے میں مدد دیتی ہیں۔
ڈی این اے کے مطابق ریگستانی علاقوں میں اکثر جانوروں کے ڈاکٹر موجود نہیں ہوتے، اس لیے چرواہے اپنے جانوروں کے علاج کے لیے غیر معمولی علاج آزماتے ہیں۔ یہ عمل صرف صحت کا نسخہ نہیں ہے، بلکہ ایک ثقافت بھی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اونٹوں میں خاص طور پر سانپ کے زہر کے خلاف مدافعتی صلاحیت موجود ہوتی ہے، جو انہیں دوسرے جانوروں کے مقابلے میں بہتر حالت میں رکھتا ہے۔ لیکن ماہرین کی نظر میں یہ عمل سائنسی اعتبار سے درست اور ثابت شدہ نہیں ہے۔
بعض لوگوں کا خیال ہے کہ زندہ سانپوں کو اونٹ کے منہ میں خوراک کے طور پر ڈالنا دونوں جانوروں کے ساتھ ظلم ہے۔