سپریم کورٹ میں گرمیوں کی تعطیلات 8 ستمبر کو ختم ہوں گی جبکہ نئے عدالتی سال پر فل کورٹ ریفرنس سے چیف جسٹس پاکستان خطاب کریں گے۔
رجسٹرارسپریم کورٹ کی جانب سے جاری سرکلرکے مطابق سپریم کورٹ میں گرمیوں کی تعطیلات 8 ستمبر کو ختم ہورہی ہیں، عدالتی چھٹیوں کے خاتمے پر اگلے دن 9 ستمبر کو سپریم کورٹ میں نئے عدالتی سال کے حوالے سے فل کورٹ تقریب منعقد ہوگی۔
نئے عدالتی سال پر فل کورٹ ریفرنس سے چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ خطاب کریں گے، پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار کے عہدیدار بھی تقریب سے خطاب کریں گے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں رواں سال موسم گرما کی تعطیلات 15 جون کے بجائے 15 جولائی سے ہوئی تھی۔
سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ رول 3 یہ فراہم کرتا ہے کہ عدالت کا عدالتی سال ہر سال ستمبر کے دوسرے پیر کو شروع ہو گا یا اگر اس دن عدالتی تعطیل ہو، تو اگلے کام کے دن اور اگلے سال میں تعطیل کے آغاز تک جاری رہے گا۔