Aaj Logo

شائع 15 اگست 2024 08:24pm

اسرائیل مخالف مظاہرے، امریکا کی کولمبیا یونیورسٹی کی صدر مستعفی

امریکا کی کولمبیا یونیورسٹی کی صدر منوشے شفیک نے اپنے منصب سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ چند ماہ قبل اسرائیل کے خلاف مظاہروں کے دوران کولمبیا یونیورسٹی میں خاصی ہنگامہ آرائی ہوئی تھی اور معاملات پولیس ایکشن تک پہنچ گئے تھے۔

کولمبیا یونیورسٹی کے تین شعبوں کے سربراہوں نے گزشتہ ہفتے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان تینوں کو طویل رخصت پر بھیجا گیا تھا۔ انہوں نے طویل رخصت سے واپس آنے کے بجائے مستعفی ہونے کو ترجیح دی۔

منوشے شفیک پر بھی اسرائیل مخالف مظاہروں اور احتجاج کے حوالے سے یہودی لابی کا شدید دباؤ تھا۔ ان پر مظاہرے روکنے میں تساہل برتنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

منوشے شفیک نے قانونی اور محکمہ جاتی کارروائی کے دوران فلسطینیوں کے حق میں کیےجانے والے مظاہروں کو غلط کہنے سے گریز کیا تھا۔

جب اُن سے پوچھا گیا تھا کہ ”دریا سے سمندر تک آزاد فلسطین“ کا نعرہ اسرائیل اور یہودیوں کے خلاف نہیں تھا تو انہوں نے صاف کہا تھا کہ وہ اس نعرے کو اسرائیل مخالف قرار نہیں دے سکتیں۔

کولمبیا یونیورسٹی میں پولیس ایکشن کے دوران اہلکاروں کا طلبہ سے تصادم بھی ہوا تھا۔ متعدد طلبہ کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ چند زخمی بھی ہوئے تھے۔ تب سے کولمبیا یونیورسٹی کو عطیات دینے والے پیچھے ہٹ گئے تھے۔ اس کے نتیجے میں یونیورسٹی کو مالی مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔

Read Comments