Aaj Logo

شائع 15 اگست 2024 07:49pm

بھارتی باشندے نے غلطی سے اکاؤنٹ میں آنے والے 60 لاکھ ڈالر کو باپ کا مال سمجھ لیا

آسٹریلیا میں بھارت کے ایک باشندے نے ایک کرپٹو فرم کی غلطی سے مشترکہ اکاؤنٹ میں آنے والے 60 لاکھ آسٹریلوی ڈالر خرچ کر ڈالے۔ مزے کی بات یہ ہے کہ دس ماہ کے دوران اُس نے متعدد ایسی کوششوں کو بھی ناکام بنایا جن کا مقصد اُس سے یہ رقم واپس لینا تھا۔

ایک کرپٹو پلیٹ فارم نے 100 ڈالر کے ریفنڈ کو غلطی سے 60 لاکھ کا بنا ڈالا اور جیوتیندر سنگھ کی پارٹنر کے اکاؤنٹ میں 60 لاکھ ڈالر کریڈٹ کردیے۔

جیوتیندر سنگھ نے پہلے تو اِس رقم کو کرپٹو پلیٹ فارم کی طرف سے انعام سمجھا مگر جب اُسے اندازہ ہوا کہ ایسا نہیں ہے تو اُس نے اپنی پارٹنر کو دھمکاکر پوری رقم اپنے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کروائی اور پھر خرچ کرنا شروع کردیا۔

جیوتیندر نے اپنے ایک دوست کو 10 لاکھ ڈالر کا تحفہ بھی دیا۔ دوسری طرف اس کی پارٹنر نے بھی 20 لاکھ ڈالر ملائیشیا میں اپنے ایک بینک اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کیے تاہم وہ ون وے ٹکٹ پر ملائیشیا فرار ہوتے ہوئے دھرلی گئی۔

جیوتیندر سنگھ کو ڈیڑھ سال قبل گرفتار کیا گیا تھا۔ اُس نے 10 ماہ کے دوران 160 سے زیادہ ٹرانزیکشنز کیے۔ اس دوران اُس نے آسٹریلیا کے بڑے شہروں میں دو مکان بھی خریدے۔ اب یہ سب کچھ ضبط کیا جاچکا ہے۔

کرپٹو کرنسی کے پلیٹ فارم کو اپنی غلطی کا اندازہ 7 ماہ بعد آڈٹ کے ذریعے ہوا۔ تب تک بہت دیر ہوچکی تھی کیونکہ جیوتیندر نے کم و بیش ساری ہی رقم خرچ کر ڈالی تھی۔

Read Comments