پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا ہے کہ نئے ضابطے اور نئے لوگ سیاسی ماحول کو خراب کررہے ہیں اور یہ لوگ ملک کو تباہی کی طرف لے جارہے ہیں۔
راولپنڈی میں پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل عمر ایوب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ہم عوام کے منتخب نمائندے ہیں، اگر ایسی صورتحال ہے تو پھر ہمیں پارلیمنٹ میں بھی سیاسی گفتگو نہ کرنے دی جائے بلکہ ہم روز موسم کی صورتحال اور ایک دوسروں کے لباس پر گفتگو کرنا شروع کردیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ بہت مضحکہ خیز بات ہے کہ نئے ضابطے اور نئے لوگ سیاسی ماحول کو خراب کررہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ملک آج تباہی کی جانب گامزن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ لاکھ تقریریں کریں، لاکھ امیدیں دلائیں لیکن حقیقت میں پاکستان کے عوام اور ان کی سب سے بڑی نمائندہ جماعت پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کے ساتھ جو ہورہا ہے، ایسے یہ ملک ترقی نہیں کرسکتا۔
پی ٹی آئی سینیٹر نے کہا کہ یہ سیاسی عدم استحکام ختم نہیں ہوسکتا، یہ معیشت ٹھیک نہیں ہوسکتی، عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دب گئے ہیں، آپ ان کے لیے امید بھی ختم کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج جو ہمارے ساتھ ہوا ہے، اس سے اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ جو بھی اہل اقتدار ہیں وہ نہیں چاہتے ہیں عوام اور اس ملک کا ایک روشن مستقبل ہو، وہ زور زبردستی سے ملک کو تباہی کی طرف لے جارہے ہیں۔
شبلی فراز نے کہا کہ ہم نے آئین اور قانون کے اندر رہتے ہوئے اپنی سیاست کی ہے، آج کی طے شدہ ملاقات میں یہ شرط عائد کرنا کہ آپ لوگ عمران خان کے ساتھ سیاسی گفتگو نہیں کرسکتے، یہ ناقابل قبول ہے ہم اس معاملے کو اسمبلی میں اٹھائیں گے اور عدالتوں میں بھی جائیں گے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا کہ پوری قوم کو پتہ ہے کہ ہرجمعرات کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرتے ہیں اور آج بھی ہماری ملاقات ہونی تھی، ہم نے عمران خان سے مشاورت اور مسائل پر گفتگو کرنا ہوتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید سے متعلق انکوائری اندرونی معاملہ ہے۔