Aaj Logo

شائع 15 اگست 2024 06:14pm

دیسی یا بدیسی: اسلام آباد سے بندھے ہاتھ پاؤں ملنے والی خاتون کی شناخت کا معمہ حل ہوگیا

اسلام آباد پولیس کے لیے ہاتھ پاؤں بندھی برآمد ہونے والی غیر ملکی خاتون کی شناخت کا معمہ حل ہو گیا ہے۔

تھانہ آبپارہ کی حدود میں ملنے والی خاتون کی حقیقت سامنے آگئی ہے، پولیس کے مطابق خاتون غیر ملکی نہیں بلکہ خاتون کا نام فروا کیانی ہے اور وہ راولپنڈی کی رہائشی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے غیرملکی ہونے کے دعویٰ کے محرکات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد کے سیکٹرجی 6 کے علاقے سے ایک غیرملکی خاتون ملی تھیں اور خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ خاتون سے مبینہ زیادتی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔

جس کے بعد پولیس نے غیر ملکی خاتون کی شناخت اور قومیت کا تعین کرنے کی کوشش میں گزارا دن گزار دیا لیکن کوئی کامیابی نہیں ملی۔

پولیس حکام نے بتایا کہ انہیں ایک خاتون کے بارے میں اطلاع ملی، جسے سیکٹر G-6/1-3 میں سڑک کے کنارے چھوڑ دیا گیا تھا۔

اسلام آباد میں غیرملکی خاتون کے ساتھ مبینہ زیادتی، نامعلوم افراد ہاتھ پاؤں باندھ کر پھینک گئے

پولیس کے مطابق خاتون نے اپنا تعارف بیلجیئم کی شہری کے طور پر کرایا اور پولیس کو بتایا کہ وہ تقریباً چھ ماہ قبل اسلام آباد آئی تھی۔ اس نے دعویٰ کیا کہ وہ ایک شخص کے ساتھ رہ رہی تھی اور الزام لگایا کہ اس نے متعدد بار اس کی عصمت دری کی۔

پولیس کے مطابق خاتون کو طبی امداد کے لیے اسپتال لے جایا گیا، جہاں پولیس نے بیان لینے کی کوشش کی، تاہم وہ بیان حاصل کرنے میں کامیاب نہیں رہی۔

پولیس نے بیلجیئم کے سفارت خانے سے بھی رابطہ کیا لیکن ان کے پاس ایسا کوئی ریکارڈ نہیں تھا جس سے خاتون کی شناخت ہوسکے۔ اس کے بعد پولیس نے نیدرلینڈز کے مشن بھی رابطہ کیا لیکن کوئی معقول معلومات موصول نہیں ہوئی۔

ادھر پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ خاتون کوئی شناخت پیش کرنے سے قاصر تھی کیونکہ اس کے پاس کوئی سامان نہیں تھا۔ اس کے بعد پولیس سیکٹر G-7 کی ایک رہائش گاہ پہنچی جہاں وہ خاتون رہتی تھی۔

خود کو اسلام آباد پولیس ظاہر کرکے ملزمان نے غیرملکی خاتون کو لوٹ لیا

تاہم، پولیس نے کہا کہ انہیں وہاں کوئی ایسی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت اور قومیت کے بارے میں کوئی ثبوت مل سکے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اسپتال میں خاتون کا طبی معائنہ کیا جا رہا ہے اور وہ انگریزی اور اردو دونوں زبان میں بات کرسکتی ہیں اور اچھی ذہنی صحت میں ہیں۔

Read Comments