پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل اپنے نام کرنے والے پاکستانی اتھلیٹ ارشد ندیم کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بڑے انعامات سے نواز دیا۔
جیولن تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کے لیے بڑی سیاسی شخصیات کی جانب سے انعامات دینے کا اعلان کیا گیا تھا، جن میں وزیر اعلیٰ مریم نواز بھی شامل تھی۔
اولمپکس 2024:پاکستان نے 40 سال بعد گولڈ میڈل حاصل کرلیا، ارشد ندیم نے جیولین تھرو میں ریکارڈ بنا ڈال
مریم نواز طلائی تمغہ جیتنے والے عالمی چیمپین ارشد ندیم کے گھر ہیلی کاپٹر کے ذریعے ان سے ملاقات کے لیے ان کے گاؤں میاں چنوں پہنچیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی آمد پر اولمپیئن ارشد ندیم اور اہل خانہ نے پر خلوص استقبال کیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نے ارشد ندیم کی والدہ محترمہ رضیہ پروین کو گلے لگا لیا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے ارشد ندیم کی والدہ کو اپنے ساتھ بٹھایا اور کافی دیر باتیں کرتی رہیں۔ انہوں نے ارشد ندیم کے اہل خانہ کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بنوائیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اولمپیئن ارشد ندیم کو 10- کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ارشد ندیم کو ہنڈا سوک کار’“ پی اے کے 92.97“کی چابی پیش کی ساتھ ہی ان کے کوچ سلمان اقبال بٹ کو بھی پچاس لاکھ روپے کا بھی چیک دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ارشد ندیم کے کوچ اور استاد کو شاباش دی۔
ملاقات میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے قوم کو بے مثال خوشی سے ہمکنار کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ سینیئر منسٹر مریم اورنگزیب، وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر , معاون خصوصی ذیشان ملک ایم پی اے ثانیہ عاشق، عامر حیات ہراج، پیر اسلم بودلہ ،چیف سیکرٹری ، اے سی ایس ساوتھ , اے آئی جی ساوتھ،سیکرٹری سپورٹس،کمشنر ، آر پی او ، ڈپٹی کمشنر ، اور دیگر بھی موجود تھے۔
تحائف پیش کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کھلاڑی سے ملاقات کے بعد میاں چنوں سے واپس لاہور روانہ ہوگئیں۔