Aaj Logo

شائع 13 اگست 2024 10:47am

ملک بھر میں کل سے 18 اگست تک طوفانی بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں (کل) 14 اگست سے 18 اگست تک طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغرب، بحیرہ عرب، خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک پر اثر انداز ہوں گی، جس کے نتیجے میں اسلام آباد، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا میں موسلادھار بارشیں ہوسکتی ہیں، اس کے علاوہ بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر کے بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 15 اگست کی شام یا رات سے 18 اگست کے دوران سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

پنجاب

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب میں مزید مون سون بارشوں کا الرٹ جاری کردیا۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں مزید مون سون بارشوں کا نیا سپیل 14 اگست کی شام سے شروع ہوگا، 14 سے 18 اگست تک پنجاب میں مون سون بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے جشن آزادی کے دن سے سہانے موسم کی نوید سنادی

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 15 سے 18 اگست جنوبی پنجاب میں آندھی اور بارش کا امکانات ہیں، پنجاب کے میدانی اضلاع اور پوٹھوہار میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔

لاہور، گجرانوالہ، راولپنڈی، سرگودھا، ملتان، ڈیرہ غازی خان میں بارشیں متوقع ہیں، اس کے علاوہ بہاولپور، فیصل آباد، ساہیوال اور گجرات ڈویژنزمیں بھی بارشوں کا امکان ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کا کہنا ہے کہ موسمی صورتحال پر متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے، کنٹرول روم میں 24 گھنٹے صورتحال کی مانیٹرنگ ہو رہی ہے۔

خیبرپختونخوا

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا میں کل سے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، کل 14 اگست سے 16 اگست کے دوران طوفانی بارش متوقع ہے، بارشوں کا یہ سلسلہ 18 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مزید مون سون ہوائیں بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی اور اسی دوران دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، باجوڑ، مہمند، خیبر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، چارسدہ، ہنگو، کرم، جنوبی و شمالی وزیرستان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بارش کا امکان ہے

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ میدانی علاقوں میں طغیانی اور اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

بلوچستان

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے تمام علاقوں میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ تھم گیا، صوبے میں بارشوں کا نیا اسپیل 15 اگست سے داخل ہوگا جبکہ بارش کا یہ اسپیل 18 اگست تک جاری رہے گا۔

پی ڈی ایم اے کے جاری کردہ الرٹ کے مطابق 15 اگست سے خضدار، قلات، سوراب، آواران، مستونگ، نصیرآباد، جعفرآباد صحبت پور، جھل مگسی، کچھی، سبی، پنجگور بارکھان، لورالائی، ہرنائی اور ژوب میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے جبکہ زیارت، شیرانی اور مکران کے ساحلی علاقوں میں بھی بارش برسے گی۔

درگاہ شاہ نورانی روڈ کا پل سیلابی ریلے میں بہہ گیا، سینکڑوں زائرین پھنس گئے

عوام سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کو کہا گیا یے جبکہ بارشوں کے نئے اسپیل کے دوران ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے پکنک پوائنٹس پر پابندی بھی برقرار ریے گی۔

متوقع طوفانی بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے کا خدشہ ہے، عوام بجلی کے کھمبوں اور موبائل کے استعمال سے گریز کریں، متاثر اضلاع کی انتظامیہ بارشوں کے دوران الرٹ رہے۔

مون سون کی رینج میں انے والے علاقوں شیرانی، ہرنائی، سبی اور کوہلو میں بارشوں سے لینڈسلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتراضلا ع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش کا امکان، کراچی میں بھی رم جھم متوقع

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران بارکھان اور قلات میں 6،6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

علاوہ ازیں پیر کو گزشتہ روز کوئٹہ اور تربت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ، قلات میں 34، ژوب میں27 اور زیارت میں 25 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اس کے علاوہ سبی میں درجہ حرارت 45، نوکنڈی میں 46، گوادر میں 34 اور جیونی میں 33 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

Read Comments