راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی سے متعلق 12 مقدمات سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی، شیخ رشید، شبلی فراز، غلام سرور ، صداقت عباسی، شیریں مزاری پیش ہوئے۔
سانحہ 9 مئی کے 500 سے زائد ملزمان کی حاضری لگائی گئی جبکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ سابق وزیراعظم عمران خان، بشریٰ بی بی اور دیگر ملزمان کی جانب سے محمد فیصل ملک لیگل ٹیم کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔
نو مئی سے متعلق 12 مقدمات میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
انسداد دہشت گردی عدالت نے حکم دیا کہ سابق خاتون اول بشریٰ بی بی سے تفتیش 7 روز میں مکمل کی جائے، ملزم جب اتنے سارے مقدمات میں گرفتار ہو تو تفتیش ضروری ہے۔
بعدازاں عدالت نے 9 مئی 2023 سے متعلق 12 مقدمات سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج کرتے ہوئے سماعت 22 اگست تک ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا اور اس دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جبکہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔
اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔
9 مئی: عمران خان کی 4 مقدمات میں درخواست ضمانت پر وکلا حتمی دلائل کیلئے طلب
عمران خان کا 9 مئی واقعہ پر مشروط معافی کا اعلان، ’لگ رہا ہے ملک میں کچھ بڑا ہونے والا ہے‘
9مئی کے واقعات میں ملوث ہونے کے الزام میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں یاسمین راشد، محمودالرشید، اعجاز چوہدری کے ساتھ ساتھ صنم جاوید کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔