Aaj Logo

شائع 12 اگست 2024 12:15pm

عمران خان کی رہائی کیلئے کمار سانو کی آواز میں ’جعلی‘ گانا، بھارتی گلوکار وضاحتوں پر مجبور

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی سے متعلق بھارتی گلوکار کی طرف سے گائے جانے والے گانے کی حقیقت نے سوشل میڈیا صارفین کو حیران کر دیا۔

بی بی سی اردو کے مطابق بھارتی گلوکار کمار سانو کی گزشتہ چند ہفتوں سے ایک ویڈیو زیر گردش ہے جس میں دیکھا گیا کہ کمار سانو کی آواز میں یہ الفاظ گائے گئے عمران خان کو آزاد کرائیں گے، وزیراعظم بنائیں گے۔’

ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی جس پر پہلے تو سوشل میڈیا صارفین حیرت زدہ ہوئے کہ بھارتی گلوکار بانی پی ٹی آئی کی حمایت میں گانا کیسے گنگنا سکتے ہیں۔

مگر جب تیزی سے وائرل ہونے والی ویڈیو بھارتی گلوکار کمار سانو تک پہنچی تو انہیں وضاحتی پیغام جاری کرنا پڑ گیا۔

کمار سانو نے فوٹو اینڈ ویڈیو شئیرنگ ایپلیکیشن انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک وضاحتی پوسٹ جاری کی جس میں انہوں نے لکھا کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میں نے کبھی بھی پاکستان کے سابق وزیراعظم کے لیے کوئی گانا نہیں گایا۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں آواز ان کی نہیں بلکہ وہ آواز مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے بنائی گئی ہے۔

بھارتی گلوکار نے مزید لکھا کہ کچھ لوگ مجھے بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اور اسی لیے میں اپنے مداحوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ جھوٹ ہے، یہ ٹیکنالوجی کا غلط استعمال ہے، اور میں بھارتی حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ AI اور deepfake ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے فوری کارروائی کریں۔

واضح رہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان گذشتہ برس پانچ اگست سے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

Read Comments