سکھر کے علاقے باگڑجی میں جتوئی برادری کے دو گروپوں میں مسلح تصادم ہوا، جس میں فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، باگڑجی تھانے کی پولیس نےعلاقے میں پہنچ کر علاقے کا کنٹرول سنبھالا، جس کے بعد فائرنگ کا دو طرفہ تبادلہ رک گیا۔
پولیس کے مطابق دونوں گروپوں کا کرمنل ریکارڈ موجود ہے، واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں تین سگے بھائی چھتو، نیرو اور راجو شامل ہیں جبکہ واجو اور بابو بھی واقعے میں ہلاک ہوئے، لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے سول اسپتال سکھرمنتقل کردی گئیں۔
دوسری جانب گھوٹکی کے علاقے میرپور ماتھیلو میں دکان کے آگے لوڈر رکشہ کھڑا کرنے پر تصادم کے نتیجے میں دس افراد زخمی ہوگئے، دوران تصادم لاٹھیوں اور اینٹوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔
میرپور ماتھیلو کے علاقے گھنٹہ گھر کے قریب جوس کی دکان کے آگے لوڈر رکشہ کھڑا کرنے پر تین گروپوں میں تصادم ہو گیا، فریقین نے ایک دوسرے پر اینٹیں اورلاٹھیاں برسا دیں۔
تصادم میں دس افراد زخمی ہو گئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا، تصادم کے باعث شہر میں خوف پھیل گیا۔