مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ صوبائی وزارت خزانہ صحت کارڈ کیلئے مزید 3 ارب روپے جاری کر دیے ہیں، مارچ میں حکومت آنے کے بعد سے اب تک 10.5 ارب جاری کئے گئے ہیں، فری ادوایات کے لئے فنڈز علیحدہ سے جاری کیے ہیں۔
مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ پانچ ماہ میں صحت کارڈ کے ذریعے 3 لاکھ 63 ہزار لوگوں کا علاج ممکن ہوا جس میں 1 لاکھ 4 ہزار لوگوں نے صحت کارڈ پلس کی سہولت نجی ہسپتال سے حاصل کی ہے۔
ان کے مطابق موجودہ حکومت نے اپنے ماہانہ صحت کارڈ اخراجات کو ریفارم کرکے دو ارب تک پہنچا دیا، معیار کو بہتر کرکے لوگ سرکاری اسپتالوں کو ترجیح دے رہے ہیں، اب تک صرف صحت کارڈ سے 2 لاکھ 60 ہزار لوگوں نے سرکاری اسپتال سے علاج کرایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو مالی بحران زدہ صوبہ قرار دینے والوں کیلئے یہی جواب کافی ہے۔
مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈہ پور اور چیئرمین عمران خان کا ویژن عوامی خدمت ہے، آنے والے دنوں میں عوام کے لئے مزید خوشخبریاں ہیں اور انشاءللہ اپنے خزانے سے انہیں پورا کریں گے۔
مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹک ٹاک حکومت کے لئے ایک مشورہ ہے کہ آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔