پاک فوج کے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک کمبائنڈ ملٹری اسپتال پشاور میں شہید ہوگئے، آئی ایس پی آر کے مطابق 24 سالہ شہید افسر 9 اگست کو وادی تیراہ میں دہشت گردوں سے جھڑپوں میں شدید زخمی ہوگئے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 9 اگست کو ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں 3 مختلف مقامات پر سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
باغ کے ایک مقام پر لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک نے اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے مقابلہ کیا اور چار خوارج کو ہلاک کیا۔
لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران شدید زخمی ہوگئے تھے، انہیں سی ایم ایچ پشاور میں منتقل کرکے طبی امداد فراہم کی گئی جہاں وہ آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔
سیکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخوا میں مختلف آپریشنز، 5 دہشتگرد ہلاک، کانسٹیبل شہید
شہید افسر لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک کی عمر 24 سال تھی اور اٹک ضلع کے رہائشی تھے۔
لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شہید نے 3 سال 7 ماہ تک وطن عزیز کے دفاع کا فریضہ سرانجام دیا، لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شہید نے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے۔
خیبرمیں شہید لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کردی گئی ہے، شہید کو ان کے آبائی شہر میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر افسران اور جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔