پیرس اولمپکس کے جیولین تھرو مقابلے میں پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوانے والے قومی ہیرو ارشد ندیم کی وطن واپسی پر اپنے والد سے ملاقات کے جذباتی مناظر کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلیے۔
جیولین تھرو اسپیشلسٹ ارشد ندیم اولمپکس میں پاکستان کا نام روشن کرنے کے بعد ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے، قومی ہیرو ارشد ندیم رات ایک بج کے 25 منٹ پر لاہور پہنچے، اس موقع پر ان کے طیارے کو واٹر کینن سلیوٹ پیش کر کے خوش آمدید کہا گیا۔
ارشد ندیم کے اہل خانہ اور عزیزو اقارب کے ساتھ آبائی شہر میاں چنوں سے مداحوں کا قافلہ بھی لاہور استقبال کے لیے آیا جبکہ ہزاروں فینز اپنے ہیروکی ایک جھلک دیکھنے لاہور ائیر پورٹ پہنچے۔
وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ان کا لگایا گیا پودا ہوں، قومی ہیرو ارشد ندیم
لاہور ایئرپورٹ پر رات گئے مداحوں نے سما باندھ دیا، بینڈ نے دھنیں بکھیر کر ماحول میں اور جوش پیدا کردیا جبکہ عوام ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کیں۔
ائیرپورٹ اسٹیٹ لاؤنج میں ارشدندیم کے والد بھی موجود تھے، انہوں نے بیٹے کو دیکھتے ہی فوراً چوما اور زور سے گلے لگایا، ساتھ ہی پھولوں کے ہار بھی پہنائے۔
اس موقع پر کچھ جذباتی مناظر میں دیکھنے میں آئے اور بظاہر ارشد کی آنکھیں نم تھیں۔
ارشد ندیم کے والد کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے نے قوم کا مان رکھ لیا، میں تو ایک مزدور ہوں، اللہ کا کرم ہوگیا۔
ایتھلیٹکس فیڈریشن نے گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کیلئے بڑا اعلان کردیا
واضح رہے کہ اولمپکس گیمز میں پاکستان نے اپنا آخری مرتبہ 8 اگست 1992 میں کانسی کے تمغے کے ساتھ ہاکی ایونٹ میں حاصل کیا تھا جبکہ آخری گولڈ میڈل بھی ہاکی کی ہی بدولت 1984 میں حاصل ہوا تھا۔