بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی کے چیئرمین مرزا فخرالاسلام عالمگیر نے بھارتی قیادت کو خبردار کیا ہے کہ وہ بنگلا دیش کی سابق وزیرِاعظم شیخ حسینہ واجد کو اپنے ہاں طویل تر قیام کی اجازت نہ دے۔ مرزا فخرالاسلام عالمگیر نے بھارت سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ بنگلا دیش سے اپنے تعلقات بہتر بنانے کے لیے صرف ایک پارٹی سے تعلق نہ رکھے۔
انڈیا ٹوڈے سے خصوصی انٹرویو میں بی این پی کے چیئرمین نے کہا کہ بنگلا دیش کی نئی قیادت بھی بھارت سے بہتر تعلقات استوار کرنا چاہے گی تاہم اس کے لیے چند ایک امور کا خیال رکھنا پڑے گا۔ شیخ حسینہ واجد کی شخصیت انتہائی متنازع ہے۔ اگر انہیں بھارت میں زیادہ دن قیام کی اجازت دی گئی تو بنگلا دیش میں بھارت کے خلاف نفرت پروان چڑھے گی۔
مرزا فخرالاسلام عالمگیر کا کہنا تھا کہ شیخ حسینہ واجد کے دور میں حکومتی اور ریاستی اداروں کو بھی سیاسی بنادیا گیا۔ اس کے نتیجے میں آج ان اداروں میں شدید عدم توازن پایا جاتا ہے۔
ایک سوال پر بی این پی کے چیئرمین نے کہا کہ بھارت کسی بھی صورت بنگلا دیش کو نظر انداز نہیں کرسکتا کیونکہ بنگلا دیش اُس کا سب سے بڑا پڑوسی ہے۔