پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے 40 سال بعد گولڈ میڈل حاصل کرنے والے ارشد ندم کی تاریخی کامیابی پر پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہان، صدر مملکت آصف زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف سمیت دیگر رہنماؤں نے مبارکباد پیش کی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم کی جیت پوری قوم کی جیت ہے۔
آصف زرداری نے مزید کہا کہ اولمپکس کی تاریخ میں ریکارڈ قائم کرنا اور سب سے طویل جیولن تھرو کرنا بہت بڑا کارنامہ ہے، آپ نے گولڈ میڈل جیت کر ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
صدرمملکت کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے اولمپکس جیسے بڑے مقابلے میں پاکستان کا نام روشن کیا۔
وزیر اعظم شہاز شریف نے جیولن تھرور ارشد ندیم کو منفرد ریکارڈ بنانے پر مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ کہا کہ اولمپک کی 118سالہ تاریخ میں منفرد ریکارڈ قائم کرنے پر ارشد ندیم آپ ڈھیروں مبارکباد کے مستحق ہیں، شاباش ارشد ندیم آپ نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ عالمی سطح پر ملک و قوم کا نام بلند کرنے والے ارشد ندیم پر والدین ہی نہیں پوری قوم کو ناز ہے، اولمپکس میں تاریخ رقم کرکے آپ نے ثابت کیا ہے کہ ارادے مضبوط ہوں تو ناممکن ممکن بن جاتا ہے۔
وزیرِاعظم شہبازشریف نے پاکستانی جیولن تھرو ایتھلیٹ ارشد ندیم کی پیرس اولمپکس میں پرفارمنس براہ راست دیکھی۔
وزیرِاعظم نے ارشد ندیم کی شاندارکامیابی اور جیولن تھرو میں نیا اولمپکس ریکارڈ قائم کرنے پر پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا.
شہباز شریف نے 3 دہائیوں بعد اولمپکس مقابلوں میں تمغہ جیتنے پر پوری قوم کو مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے جو فصل بطور خادمَ اعلی پنجاب یوتھ فیسٹیول کے ذریعے بوئی، اس کے شاندار ثمرات دنیا بھر میں پاکستان کا نام بلند کر رہے ہیں، میرے لئے یہ فخر کی بات ہے کہ ارشد ندیم جیسے باصلاحیت نوجوان کو دریافت کرنے کیلئے اللہ رب العزت نے مجھ ناچیز کو وسیلہ بنایا۔
جیولن تھرور ارشد ندیم کے گولڈ میڈل حاصل کرنے پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کر کے گولڈ میڈل جیتا ہے۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے اولمپک گولڈ میڈل حاصل کرنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایتھلیٹ نے پاکستان کا نام روش کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اولمپک گولڈ میڈل حاصل کرنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد دی، انہوں نے کہا ارشد ندیم نے اولمپکس میں 92.97 میٹر کا ریکارڈ بنا کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے نے ارشد ندیم کے لیے اپنے مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ ارشد ندیم کی تاریخی ساز کامیابی پر پورے ملک کو ان پر فخر ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی جیولن تھرور ارشد ندیم کو پیرس اولمپکس میں ریکارڈ قائم کرنے ملک کے لیے گولڈ میڈل حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ کہا کہ ریکارڈ کے ساتھ اولمپک گولڈ میڈل جیتنا آپ کی سخت محنت لگن اور کمٹمنٹ کا نتیجہ ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے بھی پیرس اولمپکس میں تاریخ ساز کامیابی حاصل کرنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ارشد ندیم کی محنت اور عزم نے دنیا بھر میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
صوبائی وزیر کھیل سندھ اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر محمد بخش مھر نے اولمپک کی 118 سالہ تاریخ بدلنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شاباش ارشد ندیم آپ نے پاکستان کو قابل فخر بنایا۔
میئر کراچی مرتضٰی وہاب نے ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ گولڈ میڈل پوری قوم کے لیے ایک اعزاز ہے جس پر ہم آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اولمپکس کھیلوں میں ارشد ندیم کا ریکارڈ بنانا بھی پاکستان کے لیے باعث فخر ہے۔
مرتضٰی وہاب نے بحیثیت ترجمان سندھ حکومت ارشد ندیم کے لیے 5 کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا اور کہا کہ پاکستان واپس آنے پر کراچی کے شہریوں کی جانب سے ارشد ندیم کے اعزاز تقریب منعقد کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پیرس اولمپک میں گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھارت کو شکست دے کر پاکستان کا نام بلند کیا جس پر ہمیں فخر ہے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پیرس اولمپک میں تاریخ ساز کامیابی حاصل کرنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ آج 40 سال بعد اولمپک میں گولڈ میڈل حاصل کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔
دوسری جانب پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہان نے پیرس اولمپکس میں تاریخ رقم کرنے اور گولڈ میڈل حاصل کرنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد دی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مسلح افواج کے سربراہان اور چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی نے اپنے پیغامات میں شاندار کامیابی پر ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج کے سربراہان اور چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کر دی، پاکستان کے لیے شاندار کامیابی غیر متزلزل لگن، مثالی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ارشد ندیم کیلئے سندھ حکومت کا 5 کروڑ اور گورنر سندھ کا 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ارشد ندیم کی فتح پاکستانی ٹیلنٹ کا ایک شاندار ثبوت ہے، ارشد ندیم نے قومی ہیرو کے طور پر اپنی حیثیت کو مزید مستحکم کیا ہے اور شاندار کامیابی ارشد ندیم کی انتھک مثالی محنت کا ثبوت ہے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے پاکستانی عوام کے لیے بے پناہ فخر اور مسرت دی ہے، ارشد ندیم کی فتح عالمی سطح پر ملک کی بہترین صلاحیتوں کو ظاہر کرتی ہے۔
پیرس اولمپکس میں مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں پوری قوم کی نظریں ارشد ندیم پر تھیں جو پاکستان کو 32 سال بعد اولمپک میں کوئی میڈل دلانے کی واحد امید تھے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے آخری مرتبہ 8 اگست 1992 کو اولمپکس میڈل پوڈیم پر قدم رکھا تھا جب قومی ہاکی ٹیم نے بارسلونا اولمپکس میں نیدرلینڈز کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیتا تھا جب کہ پاکستان نے آخری مرتبہ 1984 میں اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا تھا جوکہ ہاکی ٹیم نے دلوایا تھا۔
ارشد ندیم پاکستان کو انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل دلوانے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔
آج ہونے والے فائنل مقابلے میں ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹیباگو کےکیشور ن نے پہلی تھرو 86.16 کی کی جب کہ پاکستان کے ارشد ندیم پہلی تھرو نہ کرسکے۔ جرمنی کے جیولین ویبر بھی پہلی تھرو نہ کرسکے۔
فن لینڈ کے لاسی نے 78.81 کی پہلی تھرو کی، بھارت کے نیرج چوپڑا کی پہلی تھرو ضائع ہوگئی۔فن لینڈ کے اولیور ہیلینڈر نے پہلی تھرو 80.92 کی کی۔
جمہوریہ چیک کے جیکب ویلیج نے دوسری تھرو 84.52 کی کردی۔
ان کے بعد پاکستان کے ارشد ندیم نے اپنی دوسری تھرو 92.97 میٹر کی کرکے نیا اولمپک ریکارڈ بنا دیا۔ ارشد ندیم کی یہ اس مقابلے کی اب تک سب سے بہترین تھرو ہے۔
اس سے قبل اولمپک ریکارڈ 90 اعشاریہ 57 میٹر کا تھا جو کہ ناروے کے اینڈریاس تھورکلڈیسن نے 2008 کے بیجنگ اولمپکس میں بنایا تھا۔
جرمنی کے جیولین ویبر نے اپنی دوسری تھرو 87.33 کی کردی۔ بھارت کے نیرج چوپڑا نے اپنی دوسری تھرو 89.45 کی کردی۔
پیرس اولمپکس میں مینز جیولین تھرو فائنل کے دوسرے راؤنڈ میں فن لینڈ کے ایٹیلاٹو نے دوسرے راوؤنڈ کی پہلی تھرو 82.02 میٹر کی۔
ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹیباگو کے کیشور ن نے دوسرے راؤنڈ کی پہلی تھرو 78.96 میٹر کی۔ کینیا کے جیولیس یگو نے دوسرے راؤنڈ کی پہلی تھرو 84.90 میٹر کی۔
گرینیڈا کے اینڈرسن نے دوسرے راؤنڈ کی پہلی تھرو 88.54 میٹر کی۔ بھارت کے نیرج چوپڑا نے دوسرے راؤنڈ کی پہلی تھرو ضائع ہوگئی۔
پاکستان کے ارشد ندیم نے دوسرے راؤنڈ میں پہلی تھرو 79.40 میٹر کی۔بھارت کے نیرج چوپڑا کی دوسرے راؤنڈ کی دوسری تھرو ضائع ہوگئی۔
بھارت کے نیرج چوپڑاکی دوسرے راؤنڈ کی تیسری تھرو بھی ضائع ہوگئی۔پاکستان کے ارشد ندیم نے دوسرے راؤنڈ کی تیسری تھرو 91.79 میٹر کی۔