گالفر محمد قاسم عام طور پر کوچنگ اور کیڈی بن کر گزر بسر کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے چیف آف نیول اسٹاف گالف چیمپئن شپ میں ہول اِن ون کا کارنامہ انجام دے کر 2 کروڑ روپے کی گاڑی جیت لی۔
محمد قاسم ایچ ایف گالف کلب کراچی سے وابستہ پروفیشنل گالفر ہیں اور عام طور پر کوچنگ کے علاوہ کیڈی کی حیثیت سے کام کرتے ہیں۔
محمد قاسم نے ہول اِن ون کا شاندار کارنامہ کراچی گالف کلب کے ریڈ کورس کے ہول نمبر تین پر انجام دیا۔ وہ کہتے ہیں 2 کروڑ کی گاڑی تو میں نے جیت لی مگر مسئلہ یہ ہے کہ گاڑی چلانا نہیں جانتا کیونکہ میں تو موٹر سائیکل استعمال کرتا ہوں۔
محمد قاسم کہتے ہیں اِتنی قیمتی گاڑی رکھنا میرے بس کی بات نہیں۔ میں تو اس کا پیٹرول کا خرچہ بھی برداشت نہیں کرسکتا اس لیے اِسے بیچ کر اپنا معیارِ زندگی بلند کروں گا، اہلِ خانہ کے لیے آسانیاں پیدا کروں گا۔
’ہول ان ون‘ میں کسی بھی گالفر کیلئے ایک ہی شاٹ میں گیند کو ہول میں پہنچانا بے حد مشکل ہوتا ہے۔ کسی بھی ٹورنامنٹ کو جیتنا بہت اچھا سہی مگر اِس سے زیادہ اہم ہے ہول اِن ون کرنا۔ گالف میں غیر معمولی مہارت رکھنے والے کھلاڑی بھی یہ کارنامہ شاذ و نادر ہی انجام دے پاتے ہیں۔