Aaj Logo

شائع 06 اگست 2024 12:17pm

وہ بلاک بسٹر فلم، جس کے ٹکٹ بلیک میں بیچنے والا دو فلیٹس کا مالک بن بیٹھا

”ہم آپ کے ہپں کون“ بالی وُڈ کی بلاک بسٹر فلموں میں سے ایک ہے،جسے ریلیز ہوئے تیس سال ہوچکے ہیں۔ سب جانتے ہیں کہ فلم کو انڈسٹری کی جانب سے ریلیز سے قبل ٹرائل کے دوران ’ویڈنگ ویڈیو‘ کا نام دیا گیا تھا۔ لیکن عوام کی طرف سے اسے بے حد پذیرائی ملی، اور اس نے کئی لوگوں کی زندگی کو بدل کررکھ دیا۔

سلمان خان ، مادھوری ڈکشٹ ، رینوکا شہنے ، موہنیش بہل اور ہدایت کار سورج برجاتیا کے کیریئر کو عروج تک پہنچانے میں اس فلم نے اہم کردار ادا کیا۔ یہی نہیں فلم سے متعلقہ افراد سے ہٹ کر سینما ہالز اور یہاں تک کہ بلیک ٹکٹ بیچنے والوں سمیت بہت سے دوسرے لوگوں کو بھی اس فلم سے فائدہ ہوا۔

سبھاش گھئی کا جیکی شروف اور شتروگن سہنا پرمتنازعہ بیان

’ہم آپ کے ہیں کون‘ کی سالگرہ منانے کے لیے منعقدہ ایک تقریب میں فلم کی ٹیم نے کئی دلچسپ کہانیاں شیئر کیں۔ یہ تقریب اور فلم کی اسکریننگ ممبئی کے مشہور لبرٹی سنیما میں منعقد کی گئی تھی۔ یہ وہ وقت تھا جب لبرٹی سینما میں بی گریڈ کی فلمیں دکھائی جارہی تھی۔ کیونکہ سہولیات کی کمی کی وجہ سے وہاں فیملی نے آنا بند کر دیا تھا۔

اس تقریب میں فلم کے ہدایت کارسورج برجرتیا نے انکشاف کیا کہ فلم کی نمائش کے لیے پہلے میٹرو سنیما کی انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس فلم کی نمائش سے انکار کردیا۔ جب کہ اس زمانے کے لبرٹی سینما کے مالک نذیر حسین نے ”ہمیں کھلے دل سے خوش آمدید کہا“ سورج کا کہنا تھا۔ انہوں نے راج شری پروڈکشن کی انتظامیہ کی جانب سے رکھی گئی تمام شرائط کوبھی مان لیا۔ جس میں تھیٹر کو ہر لحاظ سے اپ گریڈ کرنا ، بشمول اس وقت کا جدید ترین ونڈر ، الٹرا سٹیریو ساؤنڈ سسٹم نصب کرنا اور یقینی طور پر خواتین کے واش روم کو دوبارہ ترتیب دینا تھا۔

’ہم آپ کے ہیں کون‘ کی تاریخی کامیابی، لبرٹی کے لیے بھی خوش قسمتی کے دروازے کھول گئی۔ یہاں تک کہ دور دراز کے مضافاتی علاقوں سے بھی لوگ امنڈ امنڈ کراس سینما ہال میں فلم دیکھنے کے لئےآئے۔

فلم کے پروڈیوسر کمل کمار برجاتیا نے سالگرہ کی اسکریننگ کے موقع پر اعتراف کیا کہ لبرٹی میں موجودہ بکنگ ونڈو پورے ایک سال تک نہیں کھولی گئی تھی۔ کیونکہ اس کے تمام ٹکٹ ایڈوانس میں بک چکے تھے۔

سورج برجاتیا نے ہنستے ہوئے بتایا کہ بلیک میں ٹکٹ بیچنے والوں کا بھی کاروبار خوب چمکا اور فلم کے ٹکٹ بلیک میں فروخت کرنے والا ایک شخص دو فلیٹ کا مالک بن گیا۔

Read Comments