Aaj Logo

شائع 06 اگست 2024 10:57am

کراچی شہر سے بس اڈوں کو باہر منتقل کرنے اور مسافروں کو مفت شٹل سروس دینے کا فیصلہ

سندھ حکومت کی جانب سے کراچی کےعوام اور مسافروں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی، شہر قائد سے بس اڈوں کو باہر منتقل کرنے اور مسافروں کو مفت شٹل سروس دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، کمشنر کراچی حسن نقوی، کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو، ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے بس اڈوں کو ترجیحی بنیادوں پر فوری طور پر شہر سے باہر منتقل کرنے کی ہدایات کی گئی۔

شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ مسافروں کے لیے پرانے بس اڈوں سے مفت شٹل سروس چلائی جا رہی ہے، مسافروں کو ٹرمینل تک پہنچانے کے لیے مفت شٹل سروس 14 اگست سے شروع کی جا رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہیوی گاڑیوں کی وجہ سے کراچی کے شہریوں کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے، سڑکوں پر بھی دباؤ بڑھتا ہے، تمام بس اڈوں کو کراچی شہر سے باہر منتقل کیا جا رہا ہے، کراچی بس ٹرمینل میں مسافروں کے لیے مزید جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ شٹل سروس کینٹ اسٹیشن، صغیر شہید روڈ، ایم اے جناح روڈ اور الکرم سکوائر سے شروع کی جا رہی ہے، شٹل سروس کے ذریعے مسافروں کو پرانے بس اڈوں سے ٹرمینل تک مفت سہولت فراہم کی جائے گی، کوشش کی جائے کہ کراچی کے شہریوں اور مسافروں کو کسی بھی قسم کی تکلیف یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کا خیال رکھتے ہوئے اقدامات اٹھائے جائیں، ایسے اقدامات کو یقینی بنایا جائے کہ ٹرانسپورٹرز کو بھی نقصان نہ ہو اور مسافروں کو بھی ریلیف مل سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسافروں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے کراچی بس ٹرمینل پر پولیس کی چیک پوسٹ بھی بنائی جا رہی ہے۔

Read Comments