Aaj Logo

اپ ڈیٹ 03 اگست 2024 10:31am

ایران کا انتباہ: ’اسرائیل سے انتقال لینے کے حق سے دستبردار نہیں ہوں گے‘

ایران نے اعلان کردیا کہ وہ اسرائیل سے انتقام لینے کے حق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق ایرانی نگراں وزیر خارجہ کا یواین سیکریٹری جنرل سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا۔ علی باقری نے کہا اسماعیل ہنیہ کو شہید کرکے ایران کی قومی سلامتی پر حملہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے علاقائی استحکام کی خلاف ورزی کی ہے، اسرائیل نے علاقائی اور عالمی امن و استحکام کو خطرے سے دوچار کیا ہے، امن و استحکام کے لیے عالمی برادری اسرائیل کے خلاف کھڑی ہو۔

علی باقری نے مزید کہا کہ عالمی برادری غزہ میں جرائم روکنے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالے، مجرم صیہونیوں کومتناسب سزا دینے کا حق نہیں چھوڑیں گے۔

ایران 48 گھنٹے میں اسرائیل پر حملہ کر سکتا ہے، امریکی اخبار

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کی اپیل کی ہے۔

واضح رہے کہ امریکا نے مشرق وسطیٰ میں مزید فائٹرجیٹ اور بحری جنگی جہاز تعینات کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے کہا کہ ایران، حماس اور حزب اللہ کی جانب سے خطرے کے پیش نظر دفاعی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ امریکی وزیر دفاع نے بحری کروزر اور تباہ کن جہاز مشرق وسطیٰ بھیجنے کا حکم دیا ہے۔

دوسری جانب اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ سے ہٹ کر بھی لڑنے کی تیاری کر رہا ہے اور کسی بھی صورتِ حال کا سامنا کرنے کی پوزیشن میں ہے۔ یہ بات انہوں نے ایرانی کی طرف سے ممکنہ حملے سے متعلق قیاس آرائیاں پھیلنے پر کہی ہے۔

حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ دوحہ میں سُپرد خاک

ادھر جمعہ کے خطبے کے دوران حماس سربراہ شہید اسماعیل ہنیہ کی تعریف اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے پر اسرائیل نے مسجد اقصیٰ کے امام کو گرفتار کرلیا۔ عرب میڈیا کے مطابق مسجد اقصیٰ میں دیے جانے والے خطبے میں ایران میں شہید ہونے والے اسماعیل ہنیہ کی تعریف کرنے پر مسجد اقصیٰ کے 85 سالہ امام شیخ عکرمہ صبری کو اسرائیلی پولیس نے گرفتار کرلیا۔

Read Comments