چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کہتے ہیں عمران خان نے محمود خان اچکزئی کو دیگر جماعتوں سے بھی بات کرنے کی اجازت دی ہے۔ ابھی تک کسی جانب سے کوئی پروپوزل نہیں آیا۔ مولانا فضل الرحمان سے بات چیت بھی کامیاب ہوگی، امید ہے مولانا استعفے کی شرط نہیں رکھیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے آج نیوز کے پروگرام روبرو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے محمود خان اچکزئی سے دیگر جماعتوں سے بھی بات کرنے کی اجازت دی ہے۔
انھوں نے کہا کہ عمران خان نے یہ نہیں کہا کہ کس پارٹی سے بات کرنا ہے کس سے نہیں، محمود خان کی مرضی ہے کسی بھی پارٹی سے کب بات کرنی ہے کس سے پہلے بات کرنی ہے۔، ہم چاہتے ہی بات چیت ہونی چاہئے، دریچے کھلے رہیں اور ہوا بھی آتی رہے ۔
انھوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے کہا کہ مذاکرات کے نتیجے میں کوئی پیشکش آجائے توہمیں بتائیں۔ ابھی تک کسی جانب سے کوئی پروپوزل نہیں آیا، ہم چاہ رہے ہیں کہ تناؤں ختم ہو ۔
بیرسٹرگوہر نے کہا کہ عمران خان کی پیشکش کا ابھی کوئی جواب نہیں آیا، 9 مئی کو جوکچھ ہوا غلط ہوا، ایسا نہیں ہونا چاہئے تھا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ باقی جماعتیں بھی اتحاد میں شامل ہوں، مولانا فضل الرحمان سے بات چیت بھی کامیاب ہوگی ، امید ہے مولانا استعفے کی شرط نہیں رکھیں گے۔