Aaj Logo

اپ ڈیٹ 02 اگست 2024 08:45pm

اپوزیشن اتحاد کا نواز شریف اور آصف زرداری سے مذاکرات کیلئے آئندہ ہفتے رابطوں کا امکان

اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے حکومتی اتحاد سے باضابطہ رابطوں کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اپوزیشن اتحاد اور حکومتی اتحادیوں کے درمیان مذاکرات میں اہم بریک تھرو ہوا ہے، محمود اچکزئی کی قیادت میں اپوزیشن اتحاد جلد حکومتی اتحادیوں سے رابطہ کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے ن لیگ اور پیپلزپارٹی سے باضابطہ رابطہ کیا جائے گا۔ محمود خان اچکزئی، سیاسی جماعتوں سے باضابطہ روابط اور مشاورت کریں گے۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف اور آصف زرداری سے مذاکرات کے لئے آئندہ ہفتے رابطوں کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان 6 جماعتی اتحاد ہے۔ جس میں پی ٹی آئی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، جماعت اسلامی، بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل، سنی اتحاد کونسل اور مجلس وحدت مسلمین شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ فوج اپنا نمائندہ مقررکرے ہم مذاکرات کرنے کے لیے تیار ہیں، ہم نے فوج پر الزامات نہیں تنقید کی تھی، گھر میں کوئی بگڑا ہوا بچہ ہو تو اس پر تنقید کی جاتی ہے۔

عمران خان کے اس بیان کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات کے لئے منتیں کرنے کا آغاز کردیا ہے، سازش کے تحت فوج کو سیاست میں گھسیٹا جارہا ہے، بانی پی ٹی آئی بگڑا ہوا بچہ ہے، جو کہتا تھا کسی کو نہیں چھوڑوں گا۔

Read Comments