وفاقی حکومت نے لاپتہ افراد کے خاندان کو 50 لاکھ روپے دینے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے لاپتہ افراد کے لواحقین کے لیے مالی اعانت اور بحالی گرانٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مالی اعانت 5 سال سے زائد لاپتہ افراد کے لواحقین کو دی جائے گی، 5 سال سے زائد لاپتہ افراد کی فیملی کو 50 لاکھ روپے بحالی گرانٹ دی جائے گی، مالی اعانت اور گرانٹ ایک ہزار خاندانوں کو دی جارہی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ماضی میں ہم عالمی طاقتوں کے ہاتھوں استعمال ہوئے، دہشت گردی کی وجہ سے ہمیں بہت سےمسائل کا سامنا ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ افغان جنگ کے باعث پاکستان کو دہشت گردی کا سامنا کرنا پڑا، لاپتہ افراد کی بازیابی کے حوالے سے حکومت مسلسل کام کر رہی ہے، پی ڈی ایم حکومت نےخصوصی کمیٹی تشکیل دی تھی، نگراں حکومت میں بھی کمیٹی کام کرتی رہی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی فرد کا لاپتہ ہو جانا اس کے اہلِ خانہ کے لیے بہت المناک ہوتا ہے، خفیہ اور ریاستی اداروں سے مشاورت کے بعد رپورٹ مرتب کی گئی تھی، لاپتہ افراد کے بارے میں کمیٹی کی رپورٹ کی کابینہ نے بھی توثیق کی کی تھی، حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندان کی امداد کی جارہی ہے۔