پنجاب اور سندھ کی سرحد پر واقع شہر صادق آباد میں پولیس نے مقابلے کے بعد کراچی سے تعلق رکھنے والے پانچ نوجوانوں کو بازیاب کرالیا۔ یہ نوجوان سستے جانور خریدنے کے لالچ میں آئے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ نوجوانوں نے سوشل میڈیا پر سستے جانوروں کا اشتہار دیکھا تو للچاگئے اور سستے جانور خریدنے کے لیے صادق آباد پہنچے۔
ان نوجوانوں کو ڈاکوؤں نے تاوان وصول کرنے کے لیے یرغمال بنالیا تھا۔ پولیس نے اطلاعات ملنے پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے پانچوں نوجوانوں کو بازیاب کرالیا۔
بازیاب کرائے گئے ایک نوجوان نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر ایک اشتہار دیکھ کر وہ لوگ للچاگئے تھے۔ اس اشتہار میں سستے جانور فروخت کرنے کا نے جھانسا دیا گیا تھا۔
نوجوان نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر بہت سی باتیں بالکل غلط اور بے بنیاد ہوتی ہیں اس لیے لوگوں کو دیکھ بھال کر فیصلے کرنے چاہئیں اور کسی اجنبی علاقے کا رخ کرنے سے قبل اچھی طرح دیکھ لینا چاہیے کہ کسی دھوکے کا احتمال تو نہیں۔