اسلام آباد میں صدرزرداری سے ڈاکٹر گوہر اعجاز کی قیادت میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں تاجروں اور 40 علاقائی کاروباری تنظیموں کے عہدیداروں کی شرکت کی ۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کے کاروباری اداروں کو درپیش مسائل سے آگاہ ہوں توانائی کی بڑھتی قیمتوں سے نمٹنے کیلئے سب کیلئے سودمند حل تلاش کرنا ہوگا، متفقہ حل تیار کیا جائے تاکہ کسی اسٹیک ہولڈرز کو نقصان نہ ہو۔ کیپسٹی چارجز کے مسئلے کا قابلِ عمل حل تیار کرنے کیلئے کاروباری برادری ایک کمیٹی تشکیل دے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ ادراک ہے کہ مہنگے خام مال ، توانائی اور ایندھن کی وجہ سے کاروباری شعبے کو مشکلات کا سامنا ہے ، کمیٹی شعبہ ِ توانائی کے مسائل کے حل کیلئے صدر مملکت کے دفتر کے ساتھ مل کر کام کرے ، صدر مملکت کا دفتر کاروباری برادری کی کمیٹی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔
جبکہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ توانائی کی بڑھتی قیمتوں سے عوام، صنعتوں ، زراعت اور برآمدات کے شعبے پر بوجھ پڑ رہا ہے، توانائی کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے توانائی شعبے میں اصلاحات کی ضرورت ہے صدر مملکت سے درخواست ہے کہ توانائی کی قیمتوں کے معاملے میں مداخلت کریں۔ صدر مملکت پاکستان کی صنعتوں اور کاروباری اداروں کو درپیش مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کریں۔
ملاقات میں صدر مملکت نے وفد کو مسائل کے حل ، متعلقہ حلقوں کے سامنے معاملہ اٹھانے میں تعاون کا یقین دلایا ہے ۔