Aaj Logo

شائع 01 اگست 2024 06:06pm

لاہور کا بڑا حصہ کلیئر کر دیا ہے، وزیراعلیٰ تمام معاملات کی مانیٹرنگ کر رہی ہیں، عظمی بخاری

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں موسلادھار بارش سے 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

لاہورکے مختلف علاقوں میں 5 گھنٹوں سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ نشترٹاؤن، لکشمی چوک، تاج پورہ، جوہر ٹاؤن میں بارش سے پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔

واسا کے مطابق 44 سالوں میں آج سب سے زیادہ بارش ائیرپورٹ پر357 ملی میٹر جب کہ نشتر ٹاؤن میں 299 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ لکشمی چوک میں 211، تاجپورہ میں 240 اورجوہر ٹاؤن میں 270 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کا بڑا حصہ ہم نےکلیئر کردیا ہے بارشوں کی پیش گوئی کے بعد تمام ادارے الرٹ تھے، بارش کے پانی کی کم سے کم وقت میں نکاسی کی گئی ہے ۔ سروسزاسپتال سے پانی نکال دیا گیا، پانی نکلنے کے بعد بھی خبرنشرکرنا ناانصافی ہے۔ تمام معاملات کی مانیٹرنگ وزیراعلیٰ خود کررہی ہیں۔

عظمی بخاری نے مزید بتایا کہ خیبرپختونخوا میں بارشوں سے 24 افراد جاں بحق ہوئے کے پی میں بھی اسپتال ڈوبے ہوئے ہیں، ڈینگی آیا تو بہادر لیڈر پہاڑوں پر چڑھ گیا۔ ہم نے تو اس معاملے پر سیاست نہیں کی بلکہ ہم نے تو کہا کہ اگر کے پی کو مدد چاہیے تو بتائیں ایک سیاسی جماعت ابھی بھی سیاست کررہی ہے ۔

Read Comments